اقوام عالم مظلوم کشمیریوں کیخلاف کی جانیوالی تسلسل سے ظالمانہ پالیسیوں کیخلاف کردار ادا کرے،راجہ فیصل ممتازراٹھور

اتوار 28 اپریل 2024 16:05

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی جانب سے کشمیریوں کی نسل کشی اور ان کی جائیدادوں کو غیر قانونی طریقے سے جھوٹے بے بنیاد مقدمات کی بھینٹ چڑھانا بھارتی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کا تسلسل ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر بلدیات و دیہی ترقی مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے بھارتی حکومت کی جانب سے آزادی پسند کشمیریوں کو دہشت گرد قرار دے کر ان کی ذاتی اراضیات پر قبضہ جمانے کی کوششوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ اقوام عالم بھارت کی جانب سے مظلوم کشمیریوں کے خلاف کی جانے والی تسلسل سے ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف کردار ادا کرے۔ راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزاد ریاست جموں و کشمیر مقبوضہ وادی میں رہنے والے کشمیری مسلمانوں کے شانہ بشانہ ان کی سیاسی سماجی مذہبی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ وقت دور نہیں جب تحریک آزادی کشمیر اپنے حتمی انجام سے دوچار ہوگی اور کشمیری آزادی کی نعمت سے مالا مال ہوں گے۔