سردار عتیق احمدخان کی مدینہ منورہ میں حاضری ،کشمیری کمیونٹی و مسلم کانفرنسی عہدیداران سے ملاقاتیں

اتوار 28 اپریل 2024 16:05

مظفرآباد/مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے مدینہ منورہ میں حاضری دی جہاں انہوںنے کشمیری کمیونٹی اور مسلم کانفرنسی عہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔ صدرمسلم کانفرنس نے مدینہ منورہ میں معروف روحانی معالج پیر عثمان غنی چوہدری محبوب حسین،چوہدری ساجد محمودکی طرف سے دئیے گئے عشائیہ میں شرکت کی۔

عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے صدرمسلم کانفرنس سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ کشمیر پالیسی پر سب سٹیک ہولڈر مل بیٹھ کر نئی پالیسی ترتیب دیں جس سے مسئلہ کشمیر کوتقویت پہنچ سکے، رابطہ عالم اسلامی کانفرنس میں مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت تمام تر حربوں کے باوجود کشمیریوں کی تحریک آزادی کودبا نہیں سکا بلکہ اس کے مظالم سے تحریک آزادی میں مزید تیزی آئی،مقبوضہ کشمیر مین ضرورت کی تمام اشیاء سستی کرنے کے باوجود کشمیر میں آٹھ لاکھ فوج سرگرم عمل ہے اگر کشمیری مطمئن ہے تو بھارت وہاں سے اپنی فوج کو کیوں کم نہیں کرتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں نے پاکستان کے ساتھ عید منا کر یہ ثابت کیا کہ ہماری خوشی ہمارے غم پاکستان کے ساتھ ہیں آزادکشمیر کے لوگوں کے ساتھ ہیں وہ کوئی موقع ضائع نہیں جانے دیتے جس میں اپنی محبت اور عقیدت کااظہار نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ یہ قدرت کانظام ہے کہ اللہ پاک کسی کی قربانی کورائیگاں نہیں جانے دیتا لاکھوں کشمیریوں کی قربانیاں شہیدوں کاخون غازیوں کی وہ تکلفیں ان شاء ا للہ ضرور رنگ لائیں گی۔