ڈھونگ بھارتی پارلیمانی انتخابات مقبوضہ کشمیرمیں ایک فوجی آپریشن میں تبدیل، مقبوضہ کشمیر کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی کے نام پر پابندیاں مزید سخت کر دی گئیں

جمعہ 24 مئی 2024 22:23

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2024ء) بھارتیہ جنتاپارٹی کی زیرقیادت بھارتی حکومت نے ڈھونگ پارلیمانی انتخابات کے ایک اور مرحلے سے قبل غیر قانونی طورپرزیر قبضہ جموں وکشمیر کے اسلام آباد، کولگام، شوپیاں، راجوری اور پونچھ اضلاع میں سکیورٹی کے نام پرپابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ان اضلاع پر مشتمل اسلام آباد۔

راجوری پارلیمانی حلقے میں کل لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے میں پولنگ ہوگی۔ مودی حکومت نے اس حلقے میں انتخابات کوایک فوجی آپریشن میں تبدیل کر دیا ہےجہاں بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ، نگرانی میں اضافہ کیا گیا ہے اورلوگوں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے، یہ حلقہ ایک جنگی علاقے کامنظر پیش کررہا ہے ، جہاں بھارتی فوج اور پولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ کےاہلکارحساس مقامات پر تعینات ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز کے اہلکار ان اضلاع کے مختلف علاقوں میں تلاشی کی کارروائیاں ،گشت اورسڑکوں پر مارچ کر رہے ہیں۔مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا واحد مقصد کشمیریوں کو خوف و دہشت کا نشانہ بنا کرانہیں مقبوضہ علاقے میں ہندوتوا پالیسیوں پر عمل کرنیوالے امید واروں کو ووٹ ڈالنے پر مجبور کر نا ہے ۔

واضح ر ہے کہ بی جے پی نے شرمناک شکست کے خوف سے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقوں کی تینوں نشستوں سے کسی امیدورار کو کھڑا نہیں کیا ہے بلکہ وہ مقبوضہ علاقے میں اپنی کٹھ پتلیوں کی حمایت کر رہی ہے ۔ادھرقابض حکام نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو آج ایک بار پھر جامع مسجد سرینگرمیں نماز جمعہ ادا کرنے سے روک دیا۔

انجمن اوقاف جامع مسجد نے سرینگر میں ایک بیان میں مسلسل چوتھی مرتبہ میر واعظ کو جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے پر قابض انتظامیہ کی مذمت کی ہے ۔ بیان میں قابض حکام پرمیر واعظ کو فوری طورپر رہا کرنے اور انہیں فرائض کی ادائیگی کی اجازت دینے پر زوردیاگیا ہے ۔بھارتی پولیس نے سوپور قصبے سے احسن الحق نامی ایک کشمیری کو گرفتار کر لیاہے ۔

احسن الحق پرکالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیاگیاتھا اوروہ جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں قید ہے ۔دریں اثناپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے جنوبی کشمیر کے علاقے بیج بہاڑہ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے 5 اگست 2019 کے بعد سے کشمیریوں کو بے اختیار کرنے کیلئے مودی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کیخلاف زبردست آواز بلند کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پر ڈھائے جانیوالے مظالم مزید قابل قبول نہیں اور وہ بی جے پی حکومت کو مظالم کا جواب ووٹ کے ذریعے دیں گے ۔