Live Updates

اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے تشکیل دیے گئے الیکشن ٹربیونل کو آئندہ سماعت تک کارروائی سے روک دیا

اعلی عدالت کے معزز جج سے متعلق توہین آمیز زبان استعمال کی گئی اور اپنے فائدے کے لیے ایک جج پر اقربا پروری کے الزام عائد کیے جارہے ہیں. چیف جسٹس عامر فاروق کا شدید برہمی کا اظہار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 11 جون 2024 18:13

اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے تشکیل دیے گئے الیکشن ٹربیونل ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 جون۔2024 ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی طرف سے تشکیل دیے گئے الیکشن ٹربیونل کو آئندہ سماعت تک کارروائی سے روک دیا ہے عدالت نے اٹارنی جنرل کو آئندہ سماعت پر عدالت کی معاونت کے لیے طلب کرلیا ہے. اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاوروق نے الیکشن ایکٹ ترمیمی آرڈیننس سے متعلق درخواست کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ان کی مشاورت سے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو الیکشن ٹربیونل کا جج مقرر کیا تھا انہوں نے کہا کہ اعلی عدالت کے معزز جج سے متعلق توہین آمیز زبان استعمال کی گئی اور اپنے فائدے کے لیے ایک جج پر اقربا پروری کے الزام عائد کیے جارہے ہیں.

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے اسلام آباد سے منتخب ہونے والے کسی بھی رکن اسمبلی کا نام لیے بغیر کہا کہ جو مقاصد حاصل کرنا چا رہے ہیں ایسا وہ ہونے نہیں دیں گے عدالت نے اس درخواست کی سماعت 24 جون تک ملتوی کردی ہے تاہم منگل کے روز جب اس معاملے پر سماعت کا آغاز ہوا تو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے الیکشن کمیشن پر الیکشن ٹریبیونل تبدیل کرنے کے معاملے پراظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے کس گراﺅنڈ پر ٹربیونل تبدیل کر دیا؟ جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ یہ ٹربیونل اس لیے تبدیل کیا گیا کیونکہ پروسیجر پر عملدرآمد نہیں کیا گیا جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کس نے پروسیجر پر عملدرآمد نہیں کیا؟.

الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ ٹربیونل نے پروسیجر فالو نہیں کیا اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ ٹرانسفرز کی نئی جیورس پروڈنس بنا رہے ہیں؟ منگل کو الیکشن ایکٹ میں ترمیمی ارڈیننس کے خلاف دائر کی گئی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہاکہ ایک لمحے کے لیے مان لیتے ہیں کہ پہلے سے قائم ٹربیونل کا آرڈر غلط تھا پھر بھی یہ ٹرانسفر کا گراو¿نڈ نہیں ہو سکتا.

عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ تو ایسا سلسلہ شروع کر رہے ہیں جو کہ نہ ختم ہونے والا ہے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے قراردیاکہ بادی النظر میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ درست نہیں ہے انہوں نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پہلے سے موجود الیکشن ٹربیونل کی جانب سے تعصب ہے تو وہ بتائیں ورنہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ درست نہیں ہے جسٹس عامر فاروق نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ تعصب ثابت کریں یا پھر توہین عدالت کی کارروائی کا سامنا کریں‘ جسٹس طارق محمود جہانگیری اس عدالت کے فاضل جج ہیں انہوںنے کہا کہ الیکشن کمیشن اس ٹربیونل کے آرڈر چیلنج کر لیتا لیکن ٹرانسفر کیسے اور کیوں کیا ہے؟.

انہوں نے کہا کہ تعصب کی بنیاد پر کیس ٹرانسفر کیا جاتا ہے مگر اس کا بھی طریقہ ہے انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے متعلقہ جج سے ہی درخواست کی جاتی ہے کہ وہ کیس نا سنے اسلام آبااد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سرکار مجھے سمجھائے کہ سال پہلے یہ ترمیم ختم کی اب پھر آرڈی نینس کے ذریعے لے آئے انہوں نے کہا کہ کیا ایمرجنسی تھی کہ راتوں رات آرڈینس آ گیا پاکستان تحریک انصاف کے امیدوارشعیب شاہین نے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کریں گے.

انہوں نے استدعا کی کہ عدالت ”سٹیٹس کو“ برقرار رکھے معاملہ جوں کا توں رکھنے کا آرڈر جاری کر دے. چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے میری سفارش پر خود ہی جسٹس طارق جہانگیری کو ٹریبیونل کا جج بنایا تھا؟ اور آرڈر اگر درست نہیں ہے تو اسے چیلنج کرنا درست طریقہ ہے چیف جسٹس عامر فاروق نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ یہ بتائیں کہ الیکشن کمیشن کے پاس ریکارڈ منگوانے کا کونسا اختیار ہے اور کس قانون کے تحت الیکشن کمیشن نے ریکارڈ منگوایا تھا؟.

انہوں نے کہا کہ یہ ساری وہ چیزیں ہیں جن کا جواب الیکشن کمیشن کو دینا ہے عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئینی باڈی ہے اس لیے نوٹس جاری کر کے جواب طلب کیا تھا چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ابھی جو ٹربیونل بنایا ہے کیا اسلام آباد کے لیے ہے؟ جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں سات جون کو نوٹس ہو چکا ابھی میرے پاس نہیں ہے اور مزید تفصیلات لیکر عدالت کے سامنے رکھوں گا عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو دو بجے تک تفصیلات عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیا ہے.
Live پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق تازہ ترین معلومات