Live Updates

حلف اٹھا کر کہتی ہوں بانی پی ٹی آئی نے فیض حمید سے رابطے کا نہیںکہا ‘ مسرت جمشید چیمہ کی جاوید چوہدری کے الزام کی تردید

؁ نو مئی سے پہلے ، نو مئی والے دن یا اس کے بعد کبھی میں نے ان سے رابطہ نہیں کیا،بانی پی ٹی آئی نے اعظم سواتی سے رابطے کا کہا ملک میں ایک فیصد بھی انصاف مل رہا ہوتا تو میں آج جاوید چوہدری کو کسی کورٹ کچہری میں لے کر جاتی ‘ پی ٹی آئی کی سینئر رہنما کا ویڈیو بیان

اتوار 18 اگست 2024 18:55

T لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2024ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے صحافی جاوید چوہدری کی جانب سے لگائے گئے الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں قرآن پاک کا حلف اٹھا کر کہتی ہوں مجھے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کبھی جنرل (ر)فیض حمید سے رابطہ کرنے کا کہا اور نہ ہی بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری والے دن میرا جنرل (ر) فیض حمید سے کوئی رابطہ ہوا ، میں کبھی بھی ان سے نہیں ملی ،اعظم سواتی ہماری پارٹی کے وہ لیڈر ہیں جن پر اعتماد کیا جاتا ہے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مجھے اعظم سواتی سے رابطہ کرنے کا کہا تھا ،اگر ہمارے ملک میں ایک فیصد بھی انصاف مل رہا ہوتا تو میں آج جاوید چوہدری کو کسی کورٹ کچہری میں لے کر جاتی ۔

اپنے ویڈیو بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ میں حیران ہوں کہ پر سے پرندہ تو بنایا جا سکتا ہے لیکن جہاں پر کا وجود ہی نہیں تو آپ نے پرندہ کیسے بنا لیا ۔

(جاری ہے)

میڈیا تنظیموں کو چاہیے کہ اس طرح کے لوگ جو دوسروں پر تہمتیں لگاتے ہیں انہیں خود سے الگ کریں اور واضح اعلان کریں اس طرح کی کالی بھیڑ یں ہم میں سے نہیںہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاوید چوہدری نے وی لاگ میں ایک مفروضہ بنایا کہ مجھے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کال کی اور اعظم سواتی سے رابطہ کرنے کا کہا اورکوڈ ورڈ میں اعظم سواتی سے مراد بندیال یافیض حمید تھا ۔

ہم تو واضح کہہ رہے ہیں اعظم سواتی کا نام لیا گیا کیونکہ وہ ہمارے پارٹی رہنما ہیں اور جہاں تک آپ جسٹس (ر)عطا بندیال کا نام لے رہے ہیں تو وہ اس وقت چیف جسٹس پاکستان تھے ، جب ہمیں اسلام آباد ہائی کورٹ سے ریلیف ملتا نظر نہیں آرہا تھا تو اگلا فورم کون سا تھا وہ سپریم کورٹ اور چیف جسٹس پاکستان تھے ، اس میں مفروضہ بنانے کی کیا ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ سفر کرتی تھی ،جب بانی پی ٹی آئی پر گولیاں چلیں میں اس وقت بھی ان کے ساتھ تھی ۔

ہمیں اطلاع تھی کہ 9مئی کے روز بانی پی ٹی آئی کو گرفتار کر لیں گے اور مجھے بانی پی ٹی آئی نے ساتھ جانے سے منع کیا تھا لیکن میںاپنی پارٹی اور قیادت سے وابستگی اور نظریے کے ساتھ تھی ۔اس روز مجھے بانی پی ٹی آئی جسے بھی کال کر کے رابطہ کرنے کا کہتے میں رابطہ کرتی کیونکہ وہ مشکل ترین وقت تھا ، میں ان کی ترجمان بھی تھی ، وہ مجھ پر اپنی بہنوں جتنا اعتبار کرتے تھے۔

میں قرآن پاک پر حلف دے کر کہتی ہوںمیں وزیراطلاعات بھی رہی ، بانی پی ٹی آئی کی میڈیا مینجمنٹ کی ٹیم میں شامل تھی ، ان کی ترجمان تھی لیکن انہوں نے کبھی مجھے جنرل (ر)فیض حمید سے رابطہ کرنے کا نہیں کہا بلکہ یہاں تک کہ کبھی ذکر بھی نہیں ہوا ، نو مئی سے پہلے ، نو مئی والے دن یا اس کے بعد کبھی میں نے ان سے رابطہ نہیں کیا ۔ اعظم سواتی ہماری پارٹی کے لیڈر تھے اور ان پر اعتماد کیا جاتا تھا ،مجھے اعظم سواتی سے رابطہ کرنے کا کہا گیا لیکن ان کا فون بند تھا ، میری اس دن کی تمام کال کی ریکارڈنگز موجود ہیں ۔

میں فاروق خان کے ذریعے اعظم سواتی سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی تھی کیونکہ عمران خان اپنی اہلیہ اور زمان پارک کے حوالے سے فکر مند تھے۔انہوں نے کہا کہ میرا بانی پی ٹی آئی سے جتنی بار رابطہ ہوا اس کی ریکارڈنگ موجود ہے کیونکہ رابطہ لینڈ لائن نمبر سے ہو رہا تھا ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ میں پولیس کی حراست میں رہی ، سب کو معلوم ہے جیل میں کون پوچھ گچھ کرتا تھا،میں آپ سے سوال کرتی ہوں آپ کو کس ایجنسی نے یہ بات بتائی ،کس نے بتایا کہ میں نے جنرل (ر)فیض حمید سے رابط کیا تھا۔

میں نے حج اکبر کیا ہوا ہے مجھ سے کسی پولیس یا ایجنسی کے آفیسر نے یہ سوال نہیں کیا ، جب مجھ سے سوال ہی نہیں کیا گیا تو میں جواب کیسے دیدوں گی ۔حالانکہ ہماری تو سانسوں کی بھی ریکارڈنگز ہو رہی تھیں،جھوٹ کے پائوں نہیں ہوتے اس لئے آپ جھوٹے ہیں، میں کہتی ہوں جھوٹے پر اللہ کی لعنت ہو ،اسی وجہ سے آج ملک کے یہ حالات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بانی پی ٹی آئی سے وفا کی قیمت چکائی ہے ، مسرت جمشید چیمہ ،جمشید اقبال چیمہ اور ہماری آنے والی نسلیں اس پر فخر کریں گی کہ ہم حق اور سچ کے ساتھ کھڑے تھے،ہم نے بہتان نہ لگانے کی قیمت ادا کی ،ہم نے اپنے کاروبار کا اربوں روپے کا نقصان کیا ، میرا بچہ کینسر سروائیول ہے ۔

اگر میں نے اس طرح کا کوئی رابطہ کیا ہوتا تو کیا میں ایسے پبلک میں موجود ہوتی ، میں عدالتوں میں سب کے سامنے دھکے کھا رہی ہوں۔ انہوںنے کہا کہ مجھے ایک بات معلوم ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو سازش کرنا نہیں آتی ،انہیں چھپ چھپ کوڈ ورڈ بنا کر کالیں کرنا نہیں آتا ، وہ جو کرتے ہیں صحیح ، غلط ہونا بعد کی بات ہے وہ ڈنکے کی چوٹ پر کرتے ہیں ۔انہوں نے کبھی قانون توڑنے کی بات نہیں وہ قانون کی حکمرانی کی بات کرتے ہیں ،جمہوری آزادی پر یقین رکھتے ہیں، ہم نے نو مئی کو پر امن احتجاج کے حق کو ایکسر سائز کیا ، اس میں کوئی شر پسند عناصر ملے تو اس کی انکوائری ہونی چاہیے اور جو ملوث ہیں انہیں سزائیں دیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات