عوام کے بنیادی مسائل حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،انجمن نوجوانان اسلام

پیر 19 اگست 2024 19:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2024ء) انجمن نوجوانان اسلام پاکستان کے سربراہ سماجی رہنمامحمدسلیم عطاری نے ایک نجی پروگرام میں ملنے والے سیاسی رہنماوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ بڑے بڑے دعوے کرنے والے لوگ تحمل سے سوچیں اُن کے دعووں میں کتنی حقیقت ہے ،کراچی جو سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے ،وفاقی ہویاصوبائی حکومت شہر کولاوارث سمجھاہواہے ،یہاں کی عوام کو بے شمارمشکلات کاسامناہے ،ابھی سردی شروع ہوئی نہیں کہ گیس کابحران شروع ہوگیاہے ،دن کے اوقات میں نہ رات کے اوقات میں گیس دستیاب نہیں ہے ،بعض جگہ تو سپلائی بالکل بند ہے ،ہوش رُبا مہنگائی میں گیس سلنڈرکے اخراجات ،باہر سے کھانا منگوانا عوام کی دسترس سے باہر ہے ،اس کے باوجودگیس کی قیمتوں میں اضافہ ظلم کے مترادف ہے ۔

(جاری ہے)

گیس بحران سے صنعتیں بندہورہی ہیں جس کی وجہ سے بے روزگاری میں اضافہ ہورہاہے ،دوسری جانب پانی کی بندش سے عوام بوند بوند کو ترس گئے ہیں ،بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باوجودبجلی کے ہوش رُبابل ،بلوں میں بھاری ٹیکسز کی وصولی کی جارہی ہے لیکن افسوس کہ کوئی نوٹس لینے والا نہیں،انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ گیس کے بحران پرقابوپایاجائے ،پانی شہر کی ضرورت کے مطابق فراہم کیاجائے اور پنجاب کی طرح سندھ میں بھی بجلی کے نرخ کم کئے جائیں ۔کراچی کے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔