بیرسٹر سیف کو شریف برادران کی سیاست کو سمجھنے کیلئے دوبارہ جنم لینا پڑے گا، عظمی بخاری

اتوار 25 اگست 2024 14:40

بیرسٹر سیف کو شریف برادران کی سیاست کو سمجھنے کیلئے دوبارہ جنم لینا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اگست2024ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ بیرسٹر سیف تین میں ہیں نہ 13 میں، شریف برادران کی سیاست کو سمجھنے کیلئے آپ کو دوبارہ جنم لینا پڑے گا، نند بھاوج میں پارٹی پر قبضے کی لڑائی چل رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

عظمی بخاری نے کہا کہ علیمہ خان اور بشری بی بی کے درمیان لڑائی نکاح کے فوری بعد سے جاری ہے، بیرسٹر سیف آپ تین میں ہیں نہ 13 میں، آپ کو بشری بیگم جانتی ہے اور نہ ہی علیمہ خان۔

انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سیف آپ کو یاد ہے نون میں سے شین نکالنے والا ایک بازی گر 40دن کا چلہ بھی کاٹ چکا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ آپ اپنے جعلی مولا جٹ وزیراعلی کی پرفارمنس قوم کو بتائیں، علی امین گنڈاپور ٹی وی سکرینوں پر بغلیں بجاتے بند کمروں میں پائوں پکڑتے ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ محمد نواز شریف اور محمدشہباز شریف کی سیاست کو سمجھنے کیلئے آپ کو دوبارہ جنم لینا پڑے گا، دونوں آج پاکستان پر حکومت کر رہے ہیں، آپ کے ظل تباہی جیل میں پستے بادام کھا رہے ہیں۔