Live Updates

190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں عمران خان کی بریت کی درخواست مسترد

احتساب عدالت نے وکلاء صفائی کو کل نیب کے تفتیشی فسر پر جرح کرنے کا حکم دے دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 12 ستمبر 2024 14:42

190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں عمران خان کی بریت کی درخواست مسترد
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 ستمبر 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بریت کی درخواست مسترد ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی جہاں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ریفرنس کی سماعت کی، احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں نیب ترامیم بحالی کے تحت عمران خان کی بریت کی درخواست مسترد کر دی اور عمران خان کے وکلا کو کل تفتیشی افسر پر جرح کرنے کا حکم دے دیا جب کہ بشریٰ بی بی کی درخواست بریت پر فیصلہ ریفرنس کے فیصلے پر سنایا جائے گا۔

بتایا جارہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ کی جانب سے نیب ترامیم کے فیصلے کے بعد 190ملین پاﺅنڈ زکیس میں بریت کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اپنایا تھا کہ نیب ترامیم فیصلے کے بعد 190ملین پاونڈ کا کیس بنتا ہی نہیں ہے، نیب ترامیم میں کابینہ کے تمام فیصلوں کو تحفظ حاصل ہے، سوال یہ ہے کہ نیب ترامیم کے بعد احتساب عدالت کا اس کیس میں دائرہ اختیار بنتا ہے یا نہیں؟۔

(جاری ہے)

نیب وکلا نے عمران خان کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہی عدالت ریفرنس کی سماعت کرسکتی ہے جو عدالتی دائرہ اختیار میں ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد یہ کیس متاثر نہیں ہوتا، وکلاء صفائی کو پہلے دائرہ اختیار چیلنج کرنا چاہیئے تھا وہ درخواست بریت پر آگئے، اگر عدالت اس ریفرنس کی سماعت نہیں کرسکتی تو بری کیسے کرسکتی ہے؟ بریت سے قبل تو دائرہ اختیار کا تعین ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزسپریم کورٹ نے حکومت کی انٹرا کورٹ اپیل منظور کرتے ہوئے نیب ترامیم بحال کر دی ہیں، وفاقی حکومت سمیت دیگر متاثرین کی انٹراکورٹ اپیلیں منظور کرتے ہوئے نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کا فیصلہ ختم کردیا گیا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے نیب ترامیم کیس کا فیصلہ 5 صفر سے سناتے ہوئے نیب ترامیم بحال کیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات