پنجاب میں تحریک انصاف کی مقبولیت میں کمی اور پیپلز پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے،سردار سربلند جوگیزئی

جمعہ 13 ستمبر 2024 22:03

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردار سر بلند جوگیزئی نے کہا ہےکہ پنجاب میں تحریک انصاف کی مقبولیت میں کمی اور پیپلز پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے ، رحیم یار خان کے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار مخدوم طاہر رشید کی بھاری اکثریت سے کامیابی ہوا کا تازہ جھونکا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پیپلز پارٹی کےرہنماؤں ملک ذیشان حسین، ربانی خان خلجی، حیات خان اچکزئی، رحمت اللہ، شہزادہ خان کاکڑ اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے کہا کہ رحیم یار خان کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار نے 52 ہزار ووٹ سے پی ٹی آئی کے حلقے میں کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

رحیم یار خان میں کامیابی سے ظاہر ہوتا ہے کہ پنجاب کے عوام نے ایک بار پر پیپلزپارٹی پر اعتماد کا اظہار کرنا شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں گالم گلوچ کو پروان چڑھانے کی وجہ سے پی ٹی آئی کی مقبولیت کم ہورہی ہے،میثاق جمہوریت کے بعد میثاق معیشت عوام کو دینگے۔پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہے۔سردار سربلند خان جوگیزئی نے کہا کہ رحیم یار خان این اے 171 سے پیپلزپارٹی کے جیالے امیدوار مخدوم طاہر رشید کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہیں۔ سردار سربلند خان جوگیزئی نےکہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق عوام کو روزگار ، وسائل اور ملک و صوبے کو ترقی دینگے۔