اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کا خون بہانے کیلئے یک جاہوچکے ہیں،حاجی حنیف طیب

اسلامی مقدسات کی گستاخی روکنے کیلئے قانون سازی اور اس پر عمل درآمد انتہائی ضروری ہے،اجلاس سے خطاب

جمعہ 4 اکتوبر 2024 22:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2024ء) جما عت اھلسنّت پاکستان کے مرکزی نائب امیر ڈاکٹر حاجی حنیف طیب نے کہا کہ تمام اسلام دشمن قوتیں یورپ سے امریکہ تک مسلمانوں کا خون بہانے کیلئے یک جاہوچکے ہیں، امریکہ بھاری ہتھیاروں اور ہر طرح سے اسرائیل کی بھر پور مدد کر رہاہے جبکہ اسلامی ممالک کاکردارفلسطینیوں ،لبنان اور یمن کے حق میں حوصلہ افزانظر نہیں آرہاہے وہ صرف مذمتی بیانات تک محدودہیں، اسرائیلی دہشت گردی کورکوانے کیلئے عملی اقدام نہیں کیاجارہا۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ،اوآئی سی غیر موثرہوچکے ہیں ان کی مکمل جنگ بندی کی قراردادکوامریکہ نے ویٹوکردیاہے اورغزہ میں جنگ بندی کو مستردکردیاہے۔اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان مذہبی بنیادوں پر قائم ہوا ، اسلام اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں ۔

(جاری ہے)

عقیدہ ختم نبوت پر ایمان کے بغیر مسلمان کا دین نامکمل ہے۔ رحمة اللعالمین کے اہل ِ بیت اطہار ،اُمہات المومنین،خلفاء راشدین سمیت اصحاب کرام کی تعظیم و تکریم لازمی ہے ۔

اسلام کی مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی کا راستہ روکنے کیلئے قانون سازی اور اس پر عمل درآمد انتہائی ضروری ہے۔ اجلاس میںڈاکٹر عبد الوہاب قادری،ڈاکٹر فرید الدین قادری،علامہ رئیس قادری،سید رفیق شاہ،علامہ شوکت سیالوی،علامہ محمد میاں نوری،غفران احمد ،عبد اللہ میمن،علامہ فیصل رشید ، شریف قادری ،اسد جواد شروانی،نفیس قادری،مولانا ظہور حسینی بھی شریک تھے۔

اس موقع پر جما عت اھلسنّت کی جانب سے مظلوم فلسطینی عوام کی مدد کیلئے المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے سر پرست حاجی حنیف طیب کو امدادی رقم حوالے کی گئی۔ دریں اثنا انجمن غلامان ِ کاظمی کے زیر اہتمام 5اکتوبر ہفتہ نزد نور حرم مسجد جلیبی چوک کورنگی میں غزالی زماں کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے جس میں مرکزی امیر جما عت اھلسنّت پاکستان علامہ پروفیسر سید مظہر سعید شاہ کاظمی،علامہ سید حامد سعید کاظمی،علامہ ارشد سعید شاہ کاظمی،جاوید سعید کاظمی،احسن سعید کاظمی،احمد سعید کاظمی،علا مہ کوکب نورانی اوکاڑوی،حاجی حنیف طیب،علامہ سید عبد االقادر شیرازی،ڈاکٹر سید عبد الوہاب ،ثروت اعجاز قادری،علامہ فاروق خان سعیدی،علامہ شوکت سیالوی،مولانا جمیل امینی،سید ابراہیم باپو،بلال سلیم قادری،مفتی عارف سعیدی،مفتی ابراہیم قادری،دیگر علما ء مشائخ اور زعماء اھلسنّت خطاب و شرکت فرمائیں گے۔