چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان، دو ارب ڈالرز قرض سمیت مختلف معاہدوں کا امکان

کئی منصوبوں پر ورکنگ مکمل، گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سافٹ لانچنگ، قراقرم ہائی وے کی تعمیر کے معاہدے شامل

Sajid Ali ساجد علی اتوار 13 اکتوبر 2024 21:30

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر 2024ء ) وزارت خزانہ اور وزارت منصوبہ بندی نے چین کے وزیراعظم لی کیانگ کے دورے کے حوالے سے کئی منصوبوں پر ورکنگ مکمل کرلی، دورے کے دوران گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سافٹ لانچنگ، قراقرم ہائی وے کی تعمیر کے لیے دو ارب ڈالرز کے قرض سمیت مختلف معاہدوں کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے وزیراعظم لی کیانگ کے 11سال بعد پاکستان کے دورے کے حوالے سے وزارت خزانہ اور وزارت منصوبہ بندی نے کئی منصوبوں سے متعلق ورکنگ مکمل کرلی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سافٹ لانچنگ بھی متوقع ہے جس پر تقریباً 54 ارب 98 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے اور گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئر بس 380 سمیت دیگر بڑے طیارے بھی لینڈ کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ چینی وزیراعظم کے دورے کے موقع پر کوہالہ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ اور آزاد پتن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے متعلق پیشرفت کا امکان ہے، گوادر کول پاور پلانٹ متعلق بھی حکومت فنانشل کلوز معاہدے کی خواہاں ہے، چین سمندر میں موجود تیل اور گیس کے ذخائر کے منصوبے میں معاہدہ چاہتا ہے، ریلوے کے سب سے بڑے اور اہم ترین پراجیکٹ ایم ایل ون پر کوئی پیش رفت کا امکان نہیں ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ چینی وزیراعظم کے دورے کے موقع پر چین کو گوشت برآمد کرنے سے متعلق پروٹوکول سائن ہونے کا امکان ہے، قراقرم ہائی وے کی تعمیر کیلئے 2ارب ڈالرز کے قرض متعلق معاہدہ متوقع ہے، اسٹیٹ بینک اور چینی سینٹرل بینک کے درمیان کرنسی سوآپ معاہدے کا امکان ہے، پاکستان چین سے خریدی گئی اشیاکی ادائیگی یوآن میں اور چین پاکستان سے خریدی گئی اشیاء کی ادائیگی روپے میں کرسکے گا۔