Live Updates

حکومت نے عمران خان کی رہائی کی کوئی پیشکش نہیں کی ، رانا ثناءاللہ

ن لیگ نے ہمیشہ مذاکرات کی حمایت کی ہے، ہم جب اپوزیشن میں تھے اس وقت بھی چارٹر آف ڈیموکریسی کی پیشکش کی تھی ، یہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کیوں نہیں کرتے اور کیوں نہیں کہتے کہ ان سے غلطی ہوئی، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 13 دسمبر 2024 11:00

حکومت نے عمران خان کی رہائی کی کوئی پیشکش نہیں کی ، رانا ثناءاللہ
 اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 دسمبر 2024)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کی کوئی پیشکش نہیں کی ، ن لیگ نے ہمیشہ مذاکرات کی حمایت کی ہے، ہم جب اپوزیشن میں تھے اس وقت بھی چارٹر آف ڈیموکریسی کی پیشکش کی تھی،جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کیوں نہیں کرتے اور کیوں نہیں کہتے کہ ان سے غلطی ہوئی۔

تحریک انصاف کی طرف سے اب بھی یہی پیغام ہے کہ ہم کیوں حکومت سے رابطہ کریں۔تحریک انصاف نے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی ہے لیکن ہمیں اب تک بات چیت کا کوئی پیغام نہیں دیا گیا، اگر پی ٹی آئی کی جانب سے پیغام آیا تو ہماری طرف سے انکار نہیں ہو گا۔9 مئی کو کن کی تنصیبات اور گھروں پر حملہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کیوں نہیں کرتے اور کیوں نہیں کہتے کہ ان سے غلطی ہوئی۔

یہ کہنا کہ 9 مئی کو ہم نہیں مانتے۔ سب کچھ کرنے والے وہ خود ہی تھے، یہ تو اور تلخی بڑھانے والی بات ہے۔فائنل کال سے پہلے تحریک انصاف سے رابط کیا گیا تھا لیکن رہائی کی کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔ ہم نے ان سے کہا تھا کہ ریڈ زون کی جگہ آپ کسی اور جگہ پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرا لیں لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔گفتگو کے دوران وزیراعظم کے مشیربرائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ مدارس رجسٹریشن کے معاملے پر ڈیڈ لاک والی کوئی بات نظر نہیں آ رہی۔

مدارس رجسٹریشن کا معاملہ بیٹھ کر سلجھایا جا سکتا ہے۔ یہ بات ٹھیک ہے کہ 26 ویں ترمیم کے معاملے پر ہم نے مولانا فضل الرحمان کو مدارس رجسٹریشن بل کی منظوری کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن بعد میں ایک اور فریق سامنے آگیا۔ میرے خیال میں مدارس کی سوسائٹی ایکٹ یا وزارت تعلیم سے رجسٹریشن سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔یاد رہے کہ سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ ایک اور کیس ہے جب سامنے آئیگا تو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پیر وںکے نیچے سے زمین نکل جائے گی،بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل سے باہر نہیں آئیں گے کیونکہ بہت تاخیر ہوگئی ہے، فیض حمید کیخلاف چارج شیٹ ہوگئی اب سزاﺅں کا تعین ہوگا، نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے فیض حمید کو بھرپور استعمال کیا۔

آرمی چیف کو کریڈٹ دینا چاہیے کوئی طاقتور انصاف کے کٹہرے سے بچ نہیں سکتا، مراد سعید ، حماد اظہر کیوں بھگوڑے ہیں کیوں سامنے نہیں آتے، ن لیگ میں ایسے بہت سے اچھے چہرے تھے جو اب ن لیگ کا حصہ نہیں، نواز شریف کا ایک مسئلہ ہے کہ وہ ہمیشہ ایک دوسرے پر الزامات لگائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات