بیرسٹرگوہر کا حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم

دونوں کمیٹوں میں سنجیدہ لوگ ہیں، مذاکرات آگے ضرور بڑھیں گے، امید ہے کم سے کم وقت میں تمام مسائل کا نتیجہ خیز حل نکل آئے گا؛ چیئرمین پی ٹی آئی کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 22 دسمبر 2024 12:45

بیرسٹرگوہر کا حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم
اسلام اباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 دسمبر 2024ء ) چئیرمین تحریک انصاف بیرسٹرگوہر کا حکومت کی جانب سے مزاکراتی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم کیا ہے۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کی جانب سے کمیٹی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، یہ خوش آئند بات ہے، حکومت اور پی ٹی آئی کے مزاکرات جامع اور نتیجہ خیز ہونے چاہئیں، دونوں کمیٹوں میں سنجیدہ لوگ ہیں، مذاکرات آگے ضرور بڑھیں گے، پر امید ہیں کہ اب مزاکراتی عمل شروع ہونے جارہا ہے، امید ہے کم سے کم وقت میں تمام مسائل کا نتیجہ خیز حل نکل آئے گا۔

بتایا جارہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات کیلئے حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی، وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ خان، سینٹر عرفان صدیقی شامل ہوں گے، کمیٹی میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، استحکام پاکستان پارٹی کے صدر علیم خان اور مسلم لیگ ق کے رہنماء چوہدری سالک حسین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے سپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی، جس میں بیرسٹر گوہر کی جانب سے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش پر زور دیا گیا، جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی کی تجویز کو مانتے ہوئے حکومتی اتحاد کی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی ہے، اس حوالے سے وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا کیوں کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، سپیکر قومی اسمبلی کی کاوش کو سراہتا ہوں۔