منی لانڈرنگ کیس ،عدالت کا مونس الٰہی کی دوبارہ گرفتاری کیلئے اقدامات کرنے کا حکم

آئندہ سماعت پر گرفتاری سے متعلق اقدامات کی رپورٹ پیش کی جائے، سپیشل سینٹرل عدالت کے جج تنویر احمد شیخ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ، پرویز الٰہی کی جانب سے بھی بریت کی درخواست دائر

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 27 دسمبر 2024 12:32

منی لانڈرنگ کیس ،عدالت کا مونس الٰہی کی دوبارہ گرفتاری کیلئے اقدامات ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 دسمبر 2024)لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں مونس الٰہی کی دوبارہ گرفتاری کیلئے اقدامات کرنے کا حکم دیدیا، سپیشل سینٹرل عدالت کے جج تنویر احمد شیخ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا، تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی اور شریک ملزم محمد جبران کو بیرون ملک سے گرفتار کرنے کیلئے دوبارہ اقدامات کئے جائیں، آئندہ سماعت پر گرفتاری سے متعلق اقدامات کی رپورٹ پیش کی جائے۔

تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی کے ہیڈ عمرے پر ہونے کے باعث عدالت پیش نہیں ہوئے۔دوران سماعت سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی جانب سے بھی بریت کی درخواست دائر کی گئی ہے جس پر فریقین آئندہ سماعت پر دلائل دیں گے۔

(جاری ہے)

عدالت نے کیس پر مزید سماعت 20 جنوری تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی او ر ان کے صاحبزادے مونس الٰہی سمیت دیگرملزمان کےخلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے میں شتہاری قرار دیا گیا تھا۔

لاہور کی سیشن عدالت نے منی لانڈرنگ میں ملوث سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کو ملک سے فرار ہونے کے باعث اشتہاری قرار دیا تھا۔عدالت کا کہنا تھا کہ مونس الٰہی کیخلاف منی لانڈرنگ کے 2 مقدمے درج تھے جس میں سے ایک اربوں روپے غیر قانونی طریقے سے ملک سے باہر لے جانے کا مقدمہ تھا جبکہ دوسرا اینٹی کرپشن سرکل پنجاب میں بھی مونس الٰہی کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

عدالت نے مونس الٰہی کا شناختی کارڈ، پاسپورٹ، بینک اکاونٹ، تمام جائیداد کے منجمد ہونے کی کارروائی کا آغاز بھی کیا تھا۔ عدالت نے پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور رہائش گاہ کا درست ایڈریس بھی طلب کیا تھا۔اس کے علاوہ قبل ازیںدہرے قتل کے کیس میں پی ٹی آئی رہنماءمونس الٰہی کو اشتہاری قراردیدیا گیا،گجرات کے ایڈیشنل سیشن جج میاں جاوید اکرم نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی کودہرے قتل کے مقدمہ میں اشتہاری قرار دیاتھا۔

مونس الٰہی سمیت دیگر ملزمان پر 28 جون 2023 کو چکریاں کے رہائشی یاسر اور محمد یوسف کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کا الزام تھا، پولیس کے مطابق مونس الٰہی کو ایف آئی آر کے ملزمان کے انکشاف کے بعد اس کیس میں نامزد کیا گیا تھا۔ سابق وفاقی وزیر کو دفعہ 109 کے تحت ایماءمشورہ کا ملزم نامزد کیا گیا تھا۔