سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کا 97 واں یوم پیدائش اتوار کو منایا گیا

اتوار 5 جنوری 2025 14:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2025ء) سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کا 97 واں یوم پیدائش اتوار کو منایا ۔ وہ 5 جنوری 1928 میں لاڑکانہ میں پیدا ہوئے۔انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم بمبئی کے کیتھیڈرل ہائی سکول میں مکمل کی۔ انہوں نے 1947 میں یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا اور بعد میں جون 1949 میں برکلے کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا میں داخلہ لیا۔

جون 1950 میں برکلے میں پولیٹیکل سائنس میں آنرز کے ساتھ ڈگری مکمل کرنے کے بعد انہیں آکسفورڈ میں داخل کرایا گیا۔ اس کے بعد ذوالفقار علی بھٹو 1953 میں لنکنز ان بار میں شامل ہوئے۔ پاکستان واپسی پر ذوالفقار علی بھٹو نے ڈنگوملز لا فرم میں قانون کی پریکٹس شروع کر دی۔

(جاری ہے)

1958 میں وہ صدرسکندر مرزا کی کابینہ میں بطور وزیر تجارت شامل ہوئے اور وہ ایوب خان کی کابینہ میں سب سے کم عمر وزیر تھے۔

1963 میں انہوں نے محمد علی بوگرہ کی حکومت میں وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالا۔ان کا پہلا بڑا کارنامہ 2 مارچ 1963 کو پاک چین سرحدی معاہدہ تھا۔1964 کے وسط میں ذواکفقار علی بھٹو نے صدر ایوب خان کو ترکی اور ایران کے ساتھ قریبی اقتصادی اور سفارتی روابط قائم کرنے کی حکمت پر قائل کرنے میں بھی مدد کی۔انہوں نے 30 نومبر 1967 کو پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی۔

ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام شروع کر کے ملک کے دفاع کو بھی ناقابل تسخیر بنا دیا۔ انہوں نے 1971 سے 1973 تک بطور صدر مملکت اور 1973 سے 1977 تک وزیر اعظم پاکستان کے طور پر بھی خدمات سر انجام دیں۔ ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی ذیلی تنظیموں کے زیر اہتمام اندرون و بیرون ملک مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور ان کی خدمات پر انہیں بھر پور خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔