وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے چیئرمین ورلڈ کشمیر فورم حاجی رفیق پردیسی کی ملاقات

جمعہ 10 جنوری 2025 23:19

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2025ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے چیئرمین ورلڈ کشمیر فورم حاجی رفیق پردیسی کی قیادت میں وفد نے جموں و کشمیر ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں جنرل سیکرٹری ورلڈ کشمیر فورم شیخ راشد عالم, سیکرٹری فنانس رفیق سلمان, عتیق الرحمن قریشی اور لیاقت علی ماگرے بھی موجود تھے. وفد نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کو آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے بریفنگ دی. وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کشمیر فورم آزادکشمیر میں سرمایہ کاری اور تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے، الحاق پاکستان منزل ہے، نئی نسل کی فلاح کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

نئی نسل کو اسلاف کے نظریات کی جانب گامزن کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی سے آگے چل رہے ہیں۔ آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت آزادکشمیر سرمایہ کاروں کودستیاب وسائل میں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ہمیں مسئلہ کشمیر کو سفارتی محاز پر کامیاب حکمت عملی کے ساتھ اجاگر کرنا ہوگا۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو عالم اسلام اور یورپی یونین میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے مضبوط سفارت کاری کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔

بیس کیمپ کی حکومت کے قیام کا مقصد جدوجہد تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔ بیس کیمپ کی حکومت کی ترجیح اول تحریک آزادی کشمیر ہے جبکہ عوام کی فلاح کے لیے بھی موجودہ حکومت انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے۔ معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھارہے ہیں۔افواج پاکستان کی سلامتی کے لیے قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے، تارکین وطن آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیں ، سرمایہ کاری کی بدولت روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

حکومت نے ترقیاتی پروجیکٹس سے خطہ میں ترقی کی راہیں کھولنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے، روڈز اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ الحاق پاکستان منزل ہے نظریہ تکمیل پاکستان کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔اقوام متحدہ اور عالمی برادری مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی جنگی جرائم کا سخت نوٹس لے اور بھارت کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے چیئرمین ورلڈ کشمیر فورم حاجی رفیق پردیسی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی منظر نامے پر اجاگر کرنے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔ آزادکشمیر کی مصنوعات کو متعارف کروانے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔ پہلے کراچی اور بعد میں دبئی میں نمائش منعقد کروائیں گے جس میں آزادکشمیر کی مصنوعات کے بھی سٹال لگائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے عملی اقدامات اٹھا کر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آواز کو بین الاقوامی فورمز تک پہنچائیں گے۔ ملاقات میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کو چئیرمین ورلڈ کشمیر فورم حاجی رفیق پردیسی کی جانب سے رسالہ بھی پیش کیا گیا۔