بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں میں ملوث ہے وزیراعظم آزادجموں وکشمیر

جمعہ 10 جنوری 2025 23:39

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2025ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ آزادکشمیر سمیت پاکستان بھرکے عوام مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں،پاک فوج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ سیلف ڈیفنس ہمارا حق ہے اس کے لیے تیاری کرنی چاہیے۔تحریک آزادی کشمیر کو موجودہ بیس کیمپ کی حکومت نے ترجیح اول رکھا ہے۔

ہمیں اپنے ازلی دشمن بھارت سے چوکنا رہنا ہوگا، اسرائیل کی مٹھی بھر تعداد مشرق وسطیٰ میں تباہی پھیلا رہی ہے، ہمیں مضبوط حکمت عملی کے ساتھ چلنا ہو گا۔ بھارتی پروپیگنڈے کا سامنا کرنے کے لیے تیاری کرنا ہوگی۔ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں میں ملوث ہے۔ بھارت کے یکطرفہ اقدامات سے خطہ عدم استحکام کا شکار ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے جی ٹی وی کے پروگرام''جمہوریت'' میں میزبان امیر عباس کے ساتھ گفتگو میں کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ دنیا کا ہر قانون اپنے تحفظ کی اجازت دیتا ہے۔ہمیں سیلف ڈیفنس کی تیاری کرنی چاہیے۔ خطہ کے مجموعی حالات کو مدنظر رکھ کر پالیسی مرتب کرنا ہوگی۔ بھارت کی بدنیتی کا ادراک ہے، مسائل کو دانش مندی سے حل کررہے ہیں۔ ترقیاتی پراجیکٹس سے خطہ کی نظیر بدل جائے گی۔ نوجوانوں کو اسلاف کے نظریہ کی جانب راغب کرنے کے لیے اقدامات اٹھارہے ہیں۔ بین الاقوامی قانون ہمیں تحفظ /دفاع کا حق دیتا ہے، عوام کی فلاح کے لیے اقدامات اٹھارہے ہیں۔