Live Updates

عمران خان کا آرمی چیف کو لکھا گیا خط ابھی تک نہ کسی نے دیکھا نہ پڑھا ، عرفان صدیقی

پتا نہیں یہ خط کس کبوتر کی چونچ میں ہے اور وہ کب کس منڈیر پر اترے گا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیرکو لکھے گئے بانی پی ٹی آئی کے خط کا جواب آنا تو دوراس کی رسید بھی نہیں آئے گی ، سینیٹر عرفان صدیقی کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 5 فروری 2025 17:00

عمران خان کا آرمی چیف کو لکھا گیا خط ابھی تک نہ کسی نے دیکھا نہ پڑھا ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05 فروری 2025)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء اور سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کاآرمی چیف کو لکھا گیا خط ابھی تک نہ کسی نے دیکھا نہ پڑھا، پتا نہیں کس کبوتر کی چونچ میں ہے اور وہ کب کس منڈیر پر اترے گا،چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیرکو لکھے گئے عمران خان کے خط کا جواب آنا تو دوراس کی رسید بھی نہیں آئے گی،سنونیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنماءن لیگ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا خط فوج کے بارے میں ان کی افسوسناک سوچ کا ترجمان ہے کہ عوام اور افواج میں خلیج ہے یہ نام نہاد خط بانی تحریک کی شدید مایوسی اور پریشانی کا ثبوت ہے وہ کبھی ایک دروازے پر دستک دیتے ہیں کبھی دوسرے پر اور کبھی مذاکرات شروع کرتے اور بغیر کوئی وجہ بتائے کسی اور راستے پر چل پڑتے ہیں۔

(جاری ہے)

نہ جانے کون لوگ ہیں اور کہاں بیٹھے ہیں جو اس طرح کے خطوط لکھ کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں اور عمران خان سوچے سمجھے بغیر ان کو اپنا خط قرار دے دیتے ہیں۔گفتگو کے دوران سینیٹرعرفان صدیقی نے انکشاف کیا کہ عمران خان نے جنرل عاصم منیر کے نام ایک خط 2023 کے اوائل میں بھی لکھا تھا جو صدر عارف علوی کے ذریعے آرمی چیف کو بھیج دیا گیا تھا لیکن اس کی بھی رسید آئی نہ جواب۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جان لینا چاہیے ان کی جماعت کے پاس صرف ایک ہی راستہ ہے اور وہ ہے سنجیدہ مذاکرات کا راستہ۔ بے مقصد خطوط نویسی سے انہیں پہلے کچھ ملا نہ اب ملے گا۔ عرفان صدیقی کا یہ بھی کہنا ہے کہ فوج کے حوالے سے خط پڑھنے پر سینیئر سیاستدان جاوید ہاشمی کو طویل سزائے قید ہو گئی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سکیورٹی ذرائع کاکہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے کوئی خط نہیں ملاتھا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آرمی چیف کو لکھے گئے خط موصول ہونے کی تردیدبھی کی تھی۔سیکورٹی ذرائع کا کہنا تھاکہ آرمی چیف کو ایسا کوئی خط موصول نہیں ہوا تھااور نہ ہی سٹبلشمنٹ کو ایسے کسی خط میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔سیکور ٹی ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے خط کے نام پر ایک اور ناکام ڈرامہ کرنے کی کوشش کی تھی۔

سٹیبلشمنٹ پہلے ہی یہ بات واضح کر چکی تھی کہ پی ٹی آئی کو کسی بھی معاملے پر بات کرنی ہے تو سیاستدانوں سے کی جائے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ اس خط کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کے ذریعے معلوم ہواتھا۔ قبل ازیں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے نام ایک خط لکھا گیا تھا۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو خط سابق وزیراعظم کے طور پر بھجوایا گیا تھا۔

خط میں لکھا گیا تھا کہ سٹیبلشمنٹ انکے ساتھ کھڑی ہوئی تھی جو دو دفعہ کے این ار او زیادہ تھے جس سے قوم میں نفرت پیدا ہوئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ خط میں فوج اور عوام میں خلیج کی 6 نکات کی صورت میں نشاندہی کی گئی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات