Live Updates

آرمی چیف کو خط لکھنے کی وجہ کہ پی ٹی آئی مذاکرات میں گئی لیکن حکومت بے اختیار ہے

چیلنج کرتا ہوں اگرحکومت بااختیار ہے تو چوہدری ریاض کے پروڈکشن پر عملدرآمد کراکے دکھائے؟ عمران خان نے خط میں کہا کہ اپنے یا اپنی جماعت کیلئے کوئی ریلیف نہیں مانگ رہا، رہنماء پی ٹی آئی فیصل چوہدری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 14 فروری 2025 00:02

آرمی چیف کو خط لکھنے کی وجہ کہ پی ٹی آئی مذاکرات میں گئی لیکن حکومت بے ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 13 فروری 2025ء ) رہنماء پی ٹی آئی فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ آرمی چیف کو خط لکھنے کی وجہ کہ پی ٹی آئی مذاکرات میں گئی لیکن حکومت بے اختیار ہے،چیلنج کرتا ہوں اگر حکومت بااختیار ہے تو چوہدری ریاض کے پروڈکشن پر عملدرآمد کراکے دکھائے؟ انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنے تینوں خطوط میں ان عوامل کا ذکر کیا جن کو بطور سابق وزیراعظم سمجھتے ہیں، آج کے خط میں عمران خان نے کہا کہ میں اپنی جماعت یا پارٹی کیلئے کوئی رعایت نہیں مانگ رہا، وہ پاکستان کو درپیش چیلنجز اور مشکلات کو نمایاں کررہے ہیں، ان مشکلات سے نکلے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا، پاکستان میں سیاسی معاشی جمود ہے، میڈیا آزاد نہیں، بنیادی حقوق معطل ہیں۔

(جاری ہے)

عمران خان کہتے کہ فوج دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے، ہمارے بچے شہید ہورہے ہیں، لیکن عوام میں ہم آہنگی کا فقدان نظر آتا ہے۔اکثریتی مینڈیٹ کو چوری کرکے فارم 47کی حکومتیں مسلط کی گئی ہیں، وہ اس کو اہم شاخسانہ سمجھتے ہیں، 26ویں ترمیم اور پیکا ایکٹ لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کو خط لکھنے کی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی مطالبات لے حکومت کے پاس گئی لیکن مذاکراتی کمیٹی عمران خان سے ملاقات تک نہیں کراسکی، چیلنج کرتا ہوں اگر حکومت بااختیار ہے تو چوہدری ریاض کے پروڈکشن پر عملدرآمد کراکے دکھائے۔

اوورسیز پاکستانیوں کو اپیل کی تھی کہ اگر پاکستان میں جمہوریت اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں تو ترسیلات زر نہ بھیجیں۔دوسری جانب میڈیا کے مطابق ذرائع پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ وکلاء گروپ نے سیاسی گروپ کے خلاف بانی پی ٹی آئی کو شکایات لگائیں، وکلاء گروپ نے شیر افضل مروت، علی امین گنڈاپور ، اسد قیصر اور جنید اکبر کے خلاف شکایات لگائیں۔

پی ٹی آئی وکلاء گروپ شیر افضل کو پارٹی سے نکلوانے میں کامیاب ہوا، وکلاء گروپ نے بانی پی ٹی آئی کو صوابی جلسے پر جنید اکبر کی شکایت لگائی۔بانی پی ٹی آئی کو بتایا گیا کہ صوابی جلسے میں صرف تین چار ہزار لوگ آئے۔ بانی پی ٹی آئی کو بتایا گیا کہ علی امین گنڈاپور نے جلسے کیلئے فنڈز نہیں دیئے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ کے صدر جنید اکبر نے ردعمل میں کہا کہ علی امین سے فنڈز مانگے اور نہ ہی کوئی آپس میں لڑائی ہے۔میں نے تو علی امین کا ہاتھ پکڑ کر فضا میں بلند کیااور اتفاق کا پیغام بھی دیا تھا۔ اخوانزادہ حسین یوسف زئی نے کہا کہ اسد قیصر پر الزام غلط ہے، ان کی وجہ سے اپوزیشن اتحاد آگے بڑھ رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات