پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں (کل ) سے بارشوں کی پیشگوئی

طویل خشک سالی کے بعد 18فروری سے 20 فروری تک بارش کا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگا

پیر 17 فروری 2025 23:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2025ء) محکمہ موسمیات نے پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں کل (منگل )سے بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔رپورٹ کے مطابق طویل خشک سالی کے بعد 18فروری سے 20 فروری تک بارش کا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگا، اس دورانیے میں اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور اندرونِ پنجاب کے کچھ علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق بادل برسانے والا سسٹم منگل کے روز پاکستان میں داخل ہوگا اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق طاقتور مغربی ہوائوں کا سسٹم ملک کے 80 فیصد تک شمالی علاقوں کو بھی متاثر کرے گا، یہ سسٹم خیبر پختوانخواہ ، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر پر بھی اثر انداز ہوگا جس کی وجہ سے پہاڑوں پر برف باری اور کئی علاقوں میں تیز بارش برسے گی۔

(جاری ہے)

میٹ آفس کے مطابق بلوچستان میں اسی سسٹم کے نتیجے میں اچھی بارشوں کی توقع ہے جبکہ کوئٹہ، زیارت، ژوب، چاغی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین اور خضدار میں بارشوں کا امکان ہے۔سندھ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ فی الحال موسمیاتی سسٹم کے نتیجے میں بارش کا امکان نہیں تاہم نئے سسٹم کے زیر اثر سندھ میں سکھر، لاڑکانہ اور کچھ دیگر علاقوں میں ہلکی بوندا باندی کی توقع ہے، کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں، البتہ موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں بھی 19 تا 21 فروری اچھی بارش کی توقع ہے جبکہ جنوبی و وسطی علاقوں میں بارش کے 2 یا 3 اسپیل ہونے کا امکان ہے، اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بارش کے 2 یا 3 اسپیل ہوں گے۔