Live Updates

مریم نوازچاہتی ہیں عمران خان انہیں خط لکھیں، ان کی یہ حسرت پوری نہیں ہوگی، بیرسٹرسیف

مریم نواز کو مشورہ ہے وہ بانی چیئرمین کی بجائے عوام پر توجہ دیں؛ مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ کا وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان پر ردعمل

Sajid Ali ساجد علی بدھ 19 فروری 2025 12:25

مریم نوازچاہتی ہیں عمران خان انہیں خط لکھیں، ان کی یہ حسرت پوری نہیں ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 فروری 2025ء ) خیبرپختونخواہ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز چاہتی ہیں عمران خان انہیں خط لکھیں مگر ان کی یہ حسرت کبھی پوری نہیں ہوگی۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عوام کے لیڈر ہیں جب کہ مریم نواز فارم 47 کی لیڈر ہیں، مریم نواز بانی چیئرمین تحریک انصاف کے منصوبوں بشمول کینسر ہسپتال کی نقل کر رہی ہیں۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ نے کہا کہ مریم نواز کو مشورہ ہے وہ بانی چیئرمین کی بجائے عوام پر توجہ دیں کیوں کہ مریم نواز کی ہر تقریر میں بانی چیئرمین کا ذکر ہوتا ہے، نوازشریف اور مریم نواز حکومت حاصل کرنے کے باوجود دکھی ہیں جب کہ عمران خان ناحق جیل میں قید ہو کر بھی مسکرا رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی جیل میں ہونے کے باوجود آزاد ہیں اور حکومت میں رہنے والے لوگ پاور میں بھی صفر ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ اڈیالہ سے خط پر خط آرہے ہیں اور منتیں ہورہی ہیں کہ اللہ کے واسطے مجھے بچالو، اڈیالہ جیل کے علاوہ ہر جگہ سے اچھی خبریں آرہی ہیں، 2 سال پہلے پورے پاکستان سے بری خبریں آرہی ہیں، آج ملک بھر سے اچھی خبریں آرہی ہیں، نواز شریف کی قیادت میں ملک کو مشکلات سے نکال دیا ہے، ہم دن رات محنت کرکے عوام کی زندگیوں کو تبدیل کرکے رہیں گے، جس نواز شریف کو مارنے اور گرانے کی کوشش کی گئی، آج وفاق میں اس کے بھائی اور پنجاب میں بیٹی کی حکومت ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی خدمت کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے 5 سال انتظار نہیں کیا کہ جب الیکشن ہونے والے ہوں تو عوام میں واپس جاکے کہوں کہ مجھ سے تو کچھ نہیں ہوا پچھلے والے کرگئے ہیں جو کرگئے ہیں، میں نے ایسا نہیں کیا بلکہ میں اپنی ایک سال کی کارکردگی لے کر آپ کے درمیان آئی ہوں، بتایا جائے کہاں ہے وہ پاکستان جس کے ڈیفالٹ کی باتیں کی جارہی تھیں؟ کہاں ہے مہنگائی؟ پی ٹی آئی کے دور میں پنجاب سے ایک ہی خبر آتی تھی کہ گوگی یہ کھا گئی اور پنکی وہ کھا گئی، یوتھ کا نعرہ لگانے والوں نے نوجوانوں کو کیا دیا؟ ہم سکالر شپس کو بڑھا کر 50 ہزار تک لے کر جارہے ہیں جلد ایک لاکھ لیپ ٹاپس بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات