بھارت کشمیری مسلمانوں کی تہذیب وتشخص مٹانے کے لئے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، رشید ترابی

منگل 4 مارچ 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2025ء) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے سابق امیر اورامور کشمیر کے بارے میں امیر جماعت اسلامی پاکستان کے مشیرعبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ بھارت کشمیری مسلمانوں کی تہذیب وتشخص کو ختم کرنے کے لئے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عبدالرشید ترابی نے یہ بات دورہ قطر کے دوران مختلف شخصیات اور وفودسے ملاقاتوں میں کہی۔

انہوں نے دورے کے دوران رئیس اتحاد العالمی لعلما المسلمین ڈاکٹر علی محی الدین قرہ داغی کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی اور مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ انہوں نے کشمیری مسلمانوں کی تحریک حق خودارادیت کی ہمیشہ دلجوئی کی ہے۔

(جاری ہے)

عبدالرشید ترابی نے انہیں مقبوضہ جموں وکشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کشمیری مسلمانوں کی تہذیب وتشخص ختم کرنے کے لئے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ۔

وہ مقبوضہ ریاست میں اپنے مذموم عزائم کے ذریعے جماعت اسلامی اور دیگر حریت پسند تنظیموں کو ختم کرنا چاہتا ہے۔ جماعت اسلامی پر پابندی عائد کرنے کے علاوہ اس سے وابستہ دیگر ادارے اور اثاثے ضبط کئے ہیں اور بدستور ضبط کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے کے امیر جماعت اسلامی سمیت ہزاروں کارکنان اور اسی طرح دیگر جماعتوں کے بے شمار افراد جیلوں میں پابند سلاسل ہیں۔