ن لیگ کی حکومت پیپلزپارٹی کی وجہ سے ہی کھڑی ہے، شرمیلا فاروقی

وزیراعظم سے بلاول بھٹو کی ملاقات آج یا کل ہوجائے گی جس میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان مسائل کا حل نکلنا چاہیے،پی پی رکن قومی اسمبلی

منگل 4 مارچ 2025 21:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے کہاہے کہ ن لیگ کی حکومت پی پی کی وجہ سے ہی کھڑی ہے۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہا کہ وزیراعظم سے بلاول بھٹو کی ملاقات آج یا کل ہوجائے گی جس میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان مسائل کا حل نکلنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت کہتی ہے رائٹ سائزنگ، ڈان سائزنگ کررہے ہیں، دوسری طرف وفاقی کابینہ میں ارکان کی تعداد بڑھائی جارہی ہے۔شرمیلا فاروقی نے کہا کہ گزشتہ بجٹ کے موقع پر مسلم لیگ ن نے پی پی سے مشاورت نہیں کی تھی، ہم فنڈز اپنے لیے نہیں مانگ رہے عوام کے لیے مانگ رہے ہیں، پنجاب میں ہمارے ارکان کے فنڈز فراہمی سے متعلق تحفظات ہیں۔

(جاری ہے)

پی پی رہنما نے کہا کہ چاہتے ہیں حکومت اپنے کھلے دل کے ساتھ حکومت سازی کرے اور عوام کے مسائل حل کرے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف ایف بی آر کے لیے گاڑیاں خریدی جارہی ہیں دوسری طرف ٹیکس نیٹ پورا نہیں، بجلی کی قیمتیں اپنی جگہ، افطار کے وقت لوڈشیڈنگ اور گیس کے مسائل ہوتے ہیں۔شرمیلا فاروقی نے کہا کہ ملاقاتیں بھی ہوجائیں گی اور تحفظات بھی پیش کردیے جائیں گے، اہم بات یہ ہے کہ تحفظات کو دور کیا جاتا ہے یا نہیں، پیپلزپارٹی چاہتی ہے عوام کے مسائل حل ہوں۔