�ارچ تک بجلی کی قیمتیں مزید کم ہونے جارہی ہیں ‘رانا تنویر حسین

پیپلز پارٹی ساتھ ہے ،حکومت پانچ سال پورا کرے گی ‘وفاقی وزیر صنعت کی گفتگو

اتوار 9 مارچ 2025 15:20

�ارچ تک بجلی کی قیمتیں مزید کم ہونے جارہی ہیں ‘رانا تنویر حسین
مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2025ء)وفاقی وزیر صنعت رانا تنویر حسین نے کہا ہے پیپلز پارٹی کے ساتھ چھوٹی موٹی پھول جھڑیاں چلتی رہتی ہیں کہ بلاول وزیراعظم ہوگا اور حکومت وقت پورا نہیں کرے گی ،اصل حقیقت یہ ہے پیپلز پارٹی ہمارے ساتھ تھی اور ساتھ ہے ،حکومت پانچ سال پورا کرے گی ۔سابق چیئرمین مارکیٹ کمیٹی چوہدری خضر ریحان اورسابق چیئرمین بلدیہ رانا محمد رفیع کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے دہشتگردوں کو چھوڑا آج وہ سزا بھگت رہے ہیں ،حکومت فتنہ الاخوارج ختم بھی کرے گی سزائیں بھی دے گی ۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنا افغانستان میں چھوڑا اسلحہ افغان حکومت سے خریدے یا ختم کرے ،پاکستان میں اس سے امن بحال ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ صنعت کی بحالی کیلئے حکومت شرح سودکو 22فیصد سے 12فیصد تک لے کر آئی ، یہ10فیصد تک آسکتی ہے ،اسی طرح 23مارچ تک بجلی کی قیمتیں مزید کم ہونے جارہی ہیں جس سے صنعت اورمعیشت کی بحالی میں مدد ملے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا صنعت معیشت کی بحالی میں یہی شرح سود اور بجلی کی قیمتیں رکاوٹیں تھیں جسے ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا چند روز قبل مریدکے کی سرحدی آبادی نارنگ منڈی میں ڈیڑھ فٹ تک ژالہ باری سے فصلیں تباہ ہوگئیں ،اس سلسلہ میں وزیر اعلی مریم نواز سے تحریری اپیل کی ہے کہ نارنگ منڈی کو آفت زدہ قرار دیا جائے اور کسانوں کے نقصان کی تلافی کی جائے۔