
اپوزیشن اراکین کی جمعیت علماء اسلام کے رہنمائوں کے قتل کی مذمت ،حکومت کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم دے دی
حکومت جمعیت علماء اسلام کے رہنمائوں کے قاتلوں کی گرفتاری عمل میں لائے بصورت دیگر جمعیت علماء اسلام آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریگی ،ارکان جمعیت علماء اسلام کالعدم تنظیمں بلوچستان کے حالات خراب کر رہی ہیں ، اراکین …اسپیکر نے گوادر کے علاقے کارواٹ میں ڈی سیلنیشن پلانٹ کی عدم فعالیت کی تحقیقات کی رولنگ دے دی
پیر 10 مارچ 2025 23:05
(جاری ہے)
اجلاس میں نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ خضدار میں ایک ہفتہ قبل جمعیت علماء اسلام کے رہنما وڈیرہ غلام سرور موسیانی اور مولانا امان اللہ کو شہید کیاگیا تربت میں دو روز قبل مفتی شاہ میر بزنجو کو شہید کیا گیاخضدار ہی میں ہماری جماعت کے رہنما حفیظ مینگل کو زخمی کیا گیا بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے ہمیں بتایا جائے کہ آج تک حکومت نے قاتلوں اور حملہ آوروں کی گرفتار ی کے لئے کوئی اقدام کیوں نہیں اٹھایا نہ ہی ہمیں خاطر خواہ جواب دیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جب تک قاتل نامعلوم ہیں اس کی ذمہ داری حکومت اور ریاست پر عائد ہوتی ہے حکومتی پنچز پر بیٹھے تمام لوگ ہمارے قاتل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے جمعیت علماء اسلام کو فارم 47کے ذریعے ہٹانے کی کوشش کی گئی جب اس میں ناکامی ہوئی تو ہمیں مارا جارہا ہے ہم مولانا فضل الرحمن کے پیروکار ہیں ہمارے اکابرین بھی شہید ہوئے لیکن ہم جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوئے اور نہ ہی ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ذمہ داروں کا تعین کر ے اور قاتلو کو ڈھونڈ کر گرفتار کرے ۔انہوں نے کہا کہ امن و امان پر 85ارب روپے خرچ ہورہے ہیں لیکن ہمیں اپنے قاتل معلوم نہیں حکومت کو صرف کمیشن اور کرپشن معلوم ہے اگر کسی کو لگتا ہے کہ وہ ہمیں مار کر ختم کر سکتے ہیں تو یہ انکی بھول ہے ہم حکومت کو قاتلو ں کی گرفتاری کے لئے ایک ہفتے کا وقت دے رہے ہیں ۔ جمعیت علماء اسلام کے رکن میر ظفر اللہ زہری نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے مجھے بی ایل اے کا پارلیمانی ونگ قرار دیا ہے ہم نے ماضی میں بھی اعلیٰ حکام اور حکومتوں کو احساس دلایا تھا حکومت اور وزیراعلیٰ سے بھی کہتے ہیں کہ انہیں بھی اپنی غلطیوں کا احساس ضرور ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے الیکشن میں علاقے کی بااثر شخصیات نے ہرانے کی کوشش کی لیکن سوراب کے عوام نے مجھے منتخب کیا منتخب ہونے کے بعد میرے حلقے میں ترقیاتی کاموں میں بھی رخنہ ڈالی گئی ہے لیکن میں سوراب کی نمائندگی سے دستبردار نہیں ہونگا ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر ہم اپوزیشن میں بیٹھے اور ایک سال تک دوستانہ کردار ادا کیا صوبے کے حالات دیکھ کر بار بار لگتا ہے کہ وہی غلطیاں دہرائی جارہی ہیں گزشتہ دنوں حکومت نے بلیک میل ہو کر کئی کئی سال سے لاپتہ افراد کو رہا کیا جس سے ثابت ہوا کہ وہ لوگ واقعی لاپتہ تھے اس وقت صوبے میں خواتین کو بھی دو ، دو ماہ تک لاپتہ کیا جا رہا ہے وزیراعلیٰ نے سوراب میں دھرنے پر بیٹھی خواتین اور افراد پر طاقت کے استعمال کا حکم دیا وزیراعلیٰ کو مس گائیڈ کیا جاتاہے میں اور وڈیرہ سرور موسیانی نے مداخلت کر کے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور خون خرابے کو روکا اور سڑک کھلوائی بعدازاں سرور موسیانی کو شہید کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بڑکیں مارنا چھوڑ دیں حکومت جنگ ہار چکی ہے صوبے میں کوئی حکومتی رٹ نہیں ہے بشیر زیب اور ڈاکٹر اللہ نذر کے لوگ ضلع گشت کرتے ہیں وزیراعلیٰ کہتے ہیں کہ تین گھنٹے تک کوئی مقام ہولڈ کر کے دیکھائیں لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ یہ گوریلا جنگ ہے وہ ان سے جیت نہیں سکتے حکومت بلوچوں کا کچھ نہیں کرسکتی زہر ی عورتیں اپنے زیوارت اور راشن تک بی ایل اے کو دینے کو تیار ہیں پڑھے لکھے لوگ ذیادتیوں کی وجہ سے اپنا اسلحہ بی ایل اے کو دے رہے ہیں پارلیمنٹ سے لوگوں کا اعتماد اٹھ چکا ہے جسے بحال کرنے کی ضرورت ہے وزیراعلیٰ ایک وزیرداخلہ مقرر کریں جو بڑکیں مارا کرے وزیراعلیٰ صوبے کے چیف ایگز یکٹو ہیں انہیں یہ سب باتیں زیب نہیں دیتیں وزیراعلیٰ اور انوار الحق کاکڑ نے منہ سے توپیں چلائی ہیں مخدوش حالات میں تو وزیراعلیٰ کو خود بولان میں جانا چاہیے تھا ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مجھ پر بی ایل اے کی معاونت کے الزام پر جے آئی ٹی بنائی جائے جو معاملے کی تحقیقات کرے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ میں پارلیمنٹ سے پہاڑوں تک کے عنوان سے آپ بیتی بھی لکھ رہا ہوں ۔ صوبائی وزیر منصوبہ بند ی و ترقیات میر ظہور بلیدی نے کہا کہ بلوچستان دہشتگردی کا شکار ہے کوئی بھی جماعت دہشتگردی سے محفوظ نہیں رہی ہم دہشتگردوں کا ہرمیدان میں مقابلہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ تربت اور خضدار کے واقعات المناک ہیں جس طرح علماء کو شہید کیا گیا اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے حکومت عوام کو اعتماد میں لیکر دہشتگردی کا حل نکالنا چاہتی ہے ہم ایسے دشمن سے لڑ رہے ہیں جسکا نہ مذہب ہے نہ روایات کے پاسدار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر ظفر زہری کے حولاے سے اچھی رائے رکھتے ہیں جو بھی غلط فہمی ہوئی ہے اسے بیٹھ کر حل کریں گے کالعدم تنظیموں نے ایسا کوئی بھی کارنامہ نہیں کیا جس پر انکی تعریف کی جائے وزیراعلیٰ واضح کر رچکے ہیں کہ جو لوگ پاکستان کے آئین کے دائرے اور نظریاتی و جغرفیائی حدود تسلیم کرتے ہیں ان سے بات چیت کرنے کو تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اور جمعیت علماء اسلام کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں ہے ہمیں دہشتگردی کے خلاف ان کے تعاون کی بھی ضرورت ہے ۔پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئر مین اصغر علی ترین نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے رہنمائوں کے خلاف چار واقعات رونما ہوچکے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ بھائی چارے کی فضاء ہو کارکن سوال کرتے ہیں کہ کیا وجہ ہے کہ جمعیت علماء اسلام کو نشانہ بنایا جارہا ہے ہم لاشیں اٹھا رہے ہیں مگر ضلعی انتظامیہ ہمارا فون تک نہیں سنتی اور نہ ہی ہمیں قاتلوں سے متعلق کوئی جواب دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی کروائے اور قاتلوں کو گرفتار کیا جائے تسلی بخش جواب نہ ملا تو ہم مزید تعاون نہیں کریں گے اور اپنا آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے ۔ نیشنل پارٹی کے میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ مفتی شاہ میر کا نماز کے دوران اور جمعیت علماء اسلام کے دیگر رہنمائوں کا قتل قابل مذمت ہے وڈیرہ غلا م سرور ہر دل عزیز شخصیت تھے صوبے میں یہ حالات ہیں کہ مارنے والے کو بھی معلوم نہیں کہ وہ مرنے والے کو کیوں مار رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھ کر امن و امان کے مسئلے کا حل نکالنا ہوگا ۔ حق دو تحریک کے مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ ارکان اسمبلی اور ادارے جب پی ایس ڈی پی، ٹرانسفر پوسٹنگ، بھتہ لینے میں مصروف ہونگے تو امن و امان خراب ہوگا سیکورٹی فورسز اپنا کام نہیں کر رہیں پارلیمنٹ سر جوڑ بیٹھے بلوچستان جل رہا ہے ہمیں حقائق پر مبنیٰ بات کرنی ہوگی ادارے آئینی حدود میں کام کریں اس موقع پر اسپیکر اور مولانا ہدایت الرحمن کے درمیان جملوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد اسپیکر نے انکے غیر پارلیمانی الفاظ حذف کردئیے ۔ صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی نے کہا کہ فورسز پر الزام تراشی نہیں کرنی چاہیے مولانا ہدایت الرحمن ذمہ داری سے بات کریں بلوچستان میں ایسے حالات نہیں کہ اس قسم کے بیانات دئیے جائیں ۔صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے غم میں برابر کے شریک ہیں کسی کو بھی سیاسی، دینی یا دیگر مخالفت کی بناء پر مارناانسانیت کے خلاف ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے کہا گیا کہ میں کالعدم تنظیم کی ہٹ لسٹ پر ہوں میں نے کبھی کسی کی زمین قبضہ نہیں کی مجھے پر کئی حملے کئے گئے مگر زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے بارکھان کے عوام کا مجھ پر اعتماد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچیت اور آزادی کے دعویداروں نے مسافروں کو بسوں سے اتار کر قتل کیا کیا کہ بلوچی روایات ہیں کہ مہمانوں کو قتل کیا جائے ایسی قوم پرستی اور آزادی پر لعنت بھیجتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ پبجگور میں تین حجام قتل کئے گئے کیا وہ پاکستانی نہیں تھے ، کیا وہ کسی کی اولاد نہیں تھے ان کے لئے کسی نے بھی دعا نہیں کروائی ۔انہوں نے کہا کہ امن عوام کے تعاون سے قائم ہوگا کالعدم تنظیمیں گن پوائنٹ پر ٹھیکیداروں ،مائن اونرز ،سرکاری افسران سے بھتہ لیتی ہیں وہ بتائیں کہ ان کے پاس جدید ترین اسلحہ خریدنے کے پیسے کہاں سے آئے انہیں بیرونی ممالک سے فنڈنگ بھی ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بشیر زیب اور اللہ نذر کہاں ہیں وہ یہاں آئیں ، حربیار مری بتائیں کہ جسٹس نواز مری کا خون کس کے ہاتھ ہے ، ڈاکٹر ماہرنگ اور اللہ نذر سرکار کے پیسوں پر ڈاکٹر بنے ڈاکٹر ماہرنگ کو اپنے علاقے میں خواتین کا علاج معالجہ کرنا چاہیے ہم انہیں سلوٹ کریں گے لیکن وہ جلسے جلوس کرتی ہیں جس کی وجہ سے سڑکوں کی بندش سے عوام کو پریشانی ہوتی ہے ۔ عوامی نیشنل پارٹی کے انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ صوبے میں حالات بہتر نہیں ہیں ہم عدم تشدد کے پیروکار ہیں ہم چاہتے ہیں کہ امن و امان کے حوالے سے تجاویز مرتب کی جائیں ۔صوبائی وزیر میر عاصم کردگیلو نے کہا کہ خضدار میں وڈیرہ سرور موسیانی اور تربت میں مفتی شاہ میر بزنجو کو قتل کیا گیا بولان میں بھی تبلیغی اجتماع سے آنے والے افراد قتل کئے گئے جنکی مذمت کرتاہوں میرے پی اے کو قتل کیا گیا جس کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا گیا وزیراعلیٰ سے سفارش کریں گے کہ تمام ارکان کے ساتھ ملکر امن وامان پر تجاویز طلب کریں ۔ وزیراعلیٰ کی مشیر مینہ مجید نے کہا کہ بلوچستان کے حالات دہشتگردوں کی وجہ سے خراب ہیں انکی کھل کر مذمت کی جانی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ارکان انتی جرات کریں وہ دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کرسکیں ہر چیز کا ملبہ سیکورٹی فورسز پر ڈالنا درست نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ خواتین کو بمبار بنا کر ان کی نسل کشی کی جارہی ہے جب بات خواتین کو استعمال کرنے پر آگئی ہے تو میں دہشتگردوں سے کہوں گی کہ وہ اب مذاکرات کرلیں ۔جمعیت علماء اسلام کے رکن سید ظفر آغا نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب جمعیت علماء اسلام اس ایوان میں نہیں آئے گی شہداء کے قاتلوں کو گرفتار اور جن علاقوں میں سڑکیں بند ہونے کے بعد بسیں لوٹی گئی وہاں کے ڈپٹی کمشنر معطل کئے جائیں ۔ اجلاس میں مولانا ہدایت الرحمن نے ضلع گوادر کے علاقے کارواٹ کے مقام پر ڈیسیلنیشن پلانٹ کی عدم فعالیت پر توجہ دلائو نوٹس پیش اور اس حوالے سے تحقیقات کامطالبہ کیا جس پر صوبائی وزیر میر ظہوربلیدی نے کہا کہ پلانٹ محکمہ پی ایچ اے کے حوالے کردیا گیا تاہم اب تک اس کی ملکیت پر تنازعہ ہے محکمانہ سطح پر تحقیقات کے لئے کمیٹی بنانے کی حمایت کرتاہوں جس پر اسپیکر نے کارواٹ میں ڈی سیلینشن پلانٹ کی عدم فعالیت کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی رولنگ دی ۔ اجلاس میں بلوچستان موٹر وہیکلز کا ترمیمی مسودہ قانون پارلیمانی سیکرٹری سنجے کمار نے پیش کیا جسے ایوان نے منظور کرلیاجبکہ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی اور محکمہ بی سی ڈے اے سے متعلق سوالات کو آئندہ اجلاس تک ڈیفر کردیا گیا ۔بعدازاں اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس بدھ کی دوپہر تک ملتو ی کردیا ۔مزید اہم خبریں
-
سلامتی کونسل: جنوبی سوڈان میں یو این مشن کی مدت میں توسیع
-
پوپ لیو کو کیتھولک روحانی پیشوا منتخب ہونے پر گوتیرش کی مبارکباد
-
مشرقی یروشلم میں فلسطینی سکولوں میں اسرائیلی کارروائی کی مذمت
-
اسلام آباد کی تمام بلند عمارتوں پر ہنگامی سائرن نصب کر دئیے گئے
-
پاک فوج نے بھارتی بٹالین ہیڈکوارٹر تباہ کر دیا
-
اللہ نہ کرے کہ ایٹمی جنگ ہو، ایٹمی جنگ کا آپشن دونوں ممالک کے پاس نہیں ہے
-
سندھ میں یونیسف اساتذہ اور طلباء کو جدید تعلیم و تربیت دینے میں مصروف
-
اسرائیلی کارروائی: مغربی کنارے پر بڑی تعداد میں فلسطینی گھر مسمار
-
پاکستان نے چینی ساختہ "جے 10" طیاروں سے 2 بھارتی جہاز مار گرائے
-
موجودہ حالات میں سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جانا چاہیے اور ان کے گرد مزید گھیرا تنگ نہ کیا جائے
-
آج ڈرونز آئے ہیں کل جہازآئے تھے ہم اپنا دفاع کریں گے
-
قوم منتظر ہے کہ نواز شریف بھی بھارتی جارحیت کے خلاف بات کریں
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.