کل جماعتی حریت کانفرنس کی کشمیر بارے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی مذمت

منگل 11 مارچ 2025 21:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے جموں و کشمیر کے بارے میں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے حالیہ بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں تاریخی حقائق کو مسخ اور عوام کو گمراہ کرنے کی ایک کوشش قرار دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اعلیٰ سطح کے دوروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر میں صورتحال معمول کے مطابق ظاہر کرنے کے بھارتی حکومت کی کوششوں پر کڑی تنقید کی ۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اس کا حتمی حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

عبدالرشیدمنہاس نے آزاد جموں و کشمیر کے بارے میں راج ناتھ سنگھ کے دعوے کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بیانات کا مقصد مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال سے توجہ ہٹانا ہے۔

حریت ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنے وعدوں کوپورا کرتے ہوئے کشمیری عوام کو انکا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دلائے ۔راج ناتھ سنگھ کے ترقی کے دعوئوں کے برعکس بھارتی پولیس نے سرینگر میں ریگولرائزیشن کے مطالبے کے حق میں احتجاج کرنے والے ڈیلی ویجر ورکروں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ کپواڑہ کے رہائشیوں نے رمضان المبارک کے دوران سحری اور افطار کے اوقات میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف احتجاج کیا ۔

قصبہ کپواڑہ ، لولاب، ترہگام، کرالپورہ اور ہندواڑہ کے لوگوں نے اہم اوقات میں بجلی فراہم کرنے میں ناکامی پر قابض انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔مقبوضہ جموں و کشمیر کی نام نہاد قانون ساز اسمبلی میں بی جے پی کے رکن سنیل شرما کی طرف سے 13جولائی 1931کے شہدا ء کے خلاف ایک بار پھر توہین آمیز بیان کے بعد شدید احتجاج کیاگیاہے ۔ نیشنل کانفرنس کے رکن الطاف کلو نے شہدا ء کا دفاع کیا، جنہیں سنیل شرما نے "غدار" قرار دیاتھا، جس کے بعد اسمبلی میں ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی ۔

سی پی آئی ایم کے لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے اسپیکر سے بی جے پی رکن کے خلاف کارروائی کرنے کامطالہ کیا۔ یہ دوسرا موقع ہے جب بی جے پی نے کشمیری شہدا ء کی توہین کی ہے ۔ادھرغیر قانونی طورپر نظربند سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی زیر قیادت جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحٰہ سے بھارتی جیلوں میں نظربندکشمیری سیاسی قیدیوں کی حالت زار کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کے نام خط میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے مقبوضہ علاقے میں جبری گرفتاریوں، دوران حراست تشدد اور کالے قوانین کے بے دریغ استعمال کو اجاگر کیاہے۔ خط میں انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظربند کشمیری حریت رہنمائوں اورکارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائیں۔