دہشت گرد منصوبہ کیونکر کامیاب ہوا منصوبے کا ماسٹر مائنڈ اور اِس کے سہولت کار کون ہیں سراغ لگایا جائے

لیاقت بلوچ سمتی ملی یکجہتی کونسل کے قائدین کا بیان

جمعرات 13 مارچ 2025 23:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مارچ2025ء) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ اور مِلی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدور پیر ہارون گیلانی، پیر صفدر گیلانی، علامہ عارف حسین واحدی، سید ناصر شیرازی، حافظ عبدالغفار روپڑی، ڈاکٹر عطاء الرحمن، مخدوم ندیم ہاشمی، مفتی گلزار نعیمی، علامہ سید ضیاء اللہ بخاری، ڈاکٹر سید علی عباس نقوی، عبداللہ حمید گل، علامہ شبیر میثمی نے مشترکہ بیان میں جعفر ایکسپریس مسافر ٹرین پر دہشت گرد حملہ اور بیگناہ مسافروں کے قتل اور اغواء کی مذمت کی اور دہشت گرد کارروائی کے بعد سکیورٹی جوانوں کی کامیاب کارروائی اور مسافروں کی بازیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ اور دہشت گردوں کی عبرتناک ہلاکت انسان دشمنوں کے لیے پیغام ہے کہ اٴْن کا یہی انجام ہونا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم یہ حکومتوں اور تحقیقاتی اداروں کی گردن پر فرض ہے کہ دہشت گرد منصوبہ کیونکر کامیاب ہوا اس دہشت گرد منصوبے کا ماسٹر مائنڈ اور اِس کے سہولت کار کون ہیں دہشت گردی کے اس واقعے پر بھارتی میڈیا کا واویلہ اور جھوٹے پروپیگنڈہ سے عیاں ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کا ماسٹر مائنڈ اور حکمت کار انڈیا ہی ہے۔ مِلی یکجہتی کونسل کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان، خیبرپختونخوا میں خصوصاً اور پورے ملک میں عموماً دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے سکیورٹی اداروں اور انٹیلی جنس اداروں میں موجود کمزوریوں کا ازالہ کیا جائے اور پاکستان کی قومی سلامتی کا اہم ترین تقاضا ہے کہ قومی اتفاقِ رائے سے دہشت گردی کے مستقل خاتمہ کے لیے ازسرِنو قومی ایکشن پلان بنایا جائے اور مکمل غیرجانبداری اور قومی فرض کے جذبے کیساتھ عملدرآمد کیا جائے۔

مِلی یکجہتی کونسل ہر نوعیت کی دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے تعمیری مثبت قومی کردار ادا کرتی رہے گی۔ لیاقت بلوچ نے کھاریاں کینٹ میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنما عبدالشکور کے بھائی کے انتقال پر تعزیت، دٴْعائے مغفرت کی اور جہلم مرکزِ اسلامی میں افطار ڈنر عوامی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ، پی پی پی، پی ٹی آئی جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے اعلانات، مطالبے اور دعوے کرتے ہیں لیکن جب اقتدار میں ہوتے ہیں تو پارلیمنٹ کو ہی سب سے زیادہ بیوقار بناتے ہیں۔

پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے ووٹ کو عزت، عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرنے اور صاف شفاف غیرجانبدارانہ انتخاب ناگزیر ہے۔ حکومتِ پنجاب بلدیاتی انتخابات سے فرار کے لیے ہر مرحلہ پر بلدیاتی ایکٹ ہی کا سہارا لیتی ہے۔ مجوزہ ترمیمی بل سے بلدیاتی اداروں اور منتخب نمائندوں کو بیاختیار، مفلوج، نمائشی ادارے بنانے کے لیے نوکرشاہی کو بالادست بنایا جارہا ہے۔

جماعتِ اسلامی ایسے غیرجمہوری ترامیم کو مسترد کرتی ہے اور بلدیاتی اداروں کو ہر اعتبار سے بااختیار ادارے بنانے کا مطالبہ کرتی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عملاً ناکام ہیں، اِن کے پاس کوئی سیاسی بیانیہ اور لائحہ عمل نہیں ہے، حکومت ٹِک ٹاکر اور سوشل میڈیا کیریکٹر بنی ہوئی ہیں۔ اشتہارات کا سہارا اور معاشی ترقی کا کھوکھلا چرچہ حکومت کی مزید بدنامیوں کا باعث بن رہا ہے۔

پنجاب حکومت کو کیا پہلے معلوم نہیں تھا کہ پنجابی کلچر میلہ ماہِ رمضان میں کِیا جارہا ہی اپنی غلطی درست کرلی، اچھا اقدام ہے لیاقت بلوچ نے غزہ کے عظیم مجاہد فلسطینیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور امریکی، صیہونی اسرائیلی اور ہندوستانی جبر سے فلسطینیوں اور کشمیریوں کو آزاد کرانے کے لیے اتحادِ اٴْمت پر زور دیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاسی جمہوری تنظیموں پر پابندیوں کو بھارتی فاشزم کا ایک اور انسان و جمہوریت دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے مذمت کی۔۔۔۔۔اعجاز خان