Live Updates

قومی اسمبلی میں بلوچستان ٹرین واقعے پر کوئی بات نہیں کررہا‘عمر ایوب کا شکوہ

جمعہ 14 مارچ 2025 15:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2025ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمرایوب نے شکوہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی میں بلوچستان ٹرین واقعے پر کوئی بات نہیں کررہا، بلوچستان میں جو سانحہ ہوا اس پر دکھ ہے، شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہیں،افواج پاکستان ملک کی فوج ہے اور قربانیاں دے رہی ہے۔لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ کوٹ لکھپت جیل میں شاہ محمود قریشی ، ڈاکٹر یاسمین راشد ،سینٹر اعجاز چوہدری سمیت دیگر اسیران سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں۔

وکلا کو کہا ہے عدالت میں ملاقات کرنے کے لیے اجازت کی درخواست دیں۔انہوںنے کاہ کہ بلوچستان میں ایک ٹرین حادثہ ہوا، قومی اسمبلی میں درخواست کی ہے کہ بلوچستان پر بات کی جائے، بدقسمتی سے قومی اسمبلی میں بلوچستان ٹرین حادثے پر کوئی بات نہیں کررہا، میں اسے حکومت نہیں انسٹالڈ ریجیم کہوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ساڑھے 500ارب کا پٹرول ایران سے آتا ہے، ایرانی پٹرول کی آڑ میں دہشت گرد بھی آتے ہوں گے، عمران خان نہ ڈیل چاہتے ہیں نہ ڈھیل، اس لیے جیل میں ہیں۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ یہ صحافی حضرات لکھیں گے کہ میں نے کچھ ماہ پہلے اس کی پیش گوئی کی، اس واقعے میں جو لوگ شہید ہوئے ہیں ، اللہ ان کے درجات بلند کرے، بی ایل اے کی اس دہشت گردی کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں، ہمارے جوان آئے روز اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرتے ہیں، ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ انٹیلی جنس میں ناکامی کی وجہ سے ہوا، کیا یہ ایجنسیاں ستو پی کر سو رہی ہیں، ان ایجنسیوں کا احتساب ہونا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ملک کی فوج ہے اور قربانیاں دے رہی ہے،میں نے 5، 6ماہ قبل بلوچستان کے بارے میں بات کی تھی۔ اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 9مئی جناح ہائوس،عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش مقدمات میں عمر ایوب کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ عمر ایوب اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل کی رخصت کے باعث 3مقدمات میں عبوری ضمانت پر درخواستوں کی سماعت نہ ہو سکی۔

عدالت نے عمر ایوب کی عبوری ضمانت میں 8اپریل تک توسیع کردی۔ یاد رہے کہ عدالت نے ملزمان کے خلاف پولیس سے تفتیشی رپورٹ طلب کر رکھی ہے، ملزمان کے خلاف جناح ہائوس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان جلائو گھیرائو کے مقدمات درج ہیں۔عدالت نے عمر ایوب کی عبوری ضمانت میں 14مارچ تک توسیع کر رکھی تھی، اپوزیشن لیڈر سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنمائوں پر بغاوت اور کارکنان کو جلائو گھیرائو پر اکسانے کا الزام ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات