ملک میں امن، ترقی ،خوشحالی کیلئے دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیر ہے‘ سردار سلیم حیدر خان

گورنر پنجاب کی سانحہ جعفر ایکسپریس کے شہید لانس نائیک عثمان کی نماز جنازہ میں شرکت

جمعہ 14 مارچ 2025 22:53

ملک میں امن، ترقی ،خوشحالی کیلئے دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیر ہے‘ سردار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2025ء)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔دہشت گردوں کی بربریت سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیا ع ہوا۔ دہشت گردوں نے عورتوں اوربچوں کو ڈھال بناکر بزدلانہ فعل کا مظاہرہ کیا ۔یہ بات انہوں نے فتح جنگ میں سانحہ جعفر ایکسپریس کے شہید لانس نائیک عثمان کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد کہی۔

نمازجنازہ میں عسکری حکام اور شہریوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔شہید لانس نائیک عثما ن کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ۔شہید کے اہل خانہ کو گورنر پنجاب نے گلے لگایا ، دلاسہ دیا اور ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاک فوج کو جعفر ایکسپریس ٹرین جیسے دہشتگردی کے منصوبے کو ناکام بنانے پر خراج تحسین اور سلام پیش کرتا ہوں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایسے واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جا ئے کم ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ،گورنر ہائوس میں انہی کے لئے بیٹھا ہوں۔گورنرپنجاب نے کہا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی فورسزکے شہدا کے اہل خانہ کے لئے گورنر ہائوس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت قومی یکجہتی کی ضرورت ہے جس کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہو گا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بڑے افسوس اور دکھ کی بات ہے کہ پاکستان کے خلاف انڈیا اور افغانستان جیسے ملکوں میں دہشتگردی جیسے منصوبے بنائے جاتے ہیں جس کی شدید مذمت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری پاکستانی قو م دہشتگردی کی اس جنگ میں پا ک فوج کے شا نہ بشانہ کھڑی ہے۔