سوشل میڈیا کے ذریعے اس شہر کے نوجوان بھارت کو منہ توڑ جواب دیں ،گورنر سندھ

کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر ہے اور یہاں بانیان پاکستان کی اولادیں رہتی ہیں،کامران ٹیسوری

اتوار 16 مارچ 2025 12:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہاہے کہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ دشمن قوتیں پاکستان کی ترقی نہیں چاہتیں، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات ملک کی بہتر ہوتی معیشت کیخلاف سازش ہیں، شہر قائد کے نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیں ۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری عوام کے ساتھ سحری کرنے اورنگی ٹائون پہنچے توان کا استقبال ایم کیو ایم کے ایم این اے امین الحق، کارکنان اور عوام نے کیا، گورنر سندھ پرپھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور آتشبازی کا مظاہرہ کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر ہے اور یہاں بانیان پاکستان کی اولادیں رہتی ہیں جنہوں نے اس شہر کو بنایا تھا۔

(جاری ہے)

کراچی آج اپنا حصہ مانگ رہا ہے اور یہ شہر دوسروں صوبوں سے آنے والوں کو اپنی گود میں بٹھاتا ہے، مگر اب شہر اور اس کے رہائشیوں کا تقاضا ہے کہ انہیں بھی نظرانداز نہ کیا جائے۔گورنر سندھ نے کراچی کی بنیادی سہولتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پورے شہر میں سڑکوں کا نظام خراب ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کبھی کسی علاقے سے یہ خبریں آتی ہیں کہ کوئی بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق ہو گیا یا کسی ماں کا بیٹا موٹر سائیکل پر روزگار کے لیے نکلتے ہوئے کسی ڈمپر کی زد میں آ کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

کامران خان ٹیسوری نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ جب کراچی کے مسائل پر آواز اٹھائی جاتی ہے تو انہیں آئینی حدود میں رہنے کا کہا جاتا ہے، مگر ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ ملک میں بجلی، گیس، پانی کی فراہمی یقینی ہو اور غریبوں کے بچے بھی امیروں کے بچوں کی طرح ترقی کر سکیں۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ہر کسی کو فوری انصاف ملنا چاہیے اور ان کا مقصد عوامی فلاح کے لیے کام کرنا ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم کے وعدوں پر بھی تنقید کی کہ وزیر اعظم بننے کے بعد نہ تو ایک کروڑ نوکریاں دی گئیں اور نہ ہی 50 لاکھ گھر بنائے گئے۔کامران خان ٹیسوری نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں حالیہ واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں حالات خراب کرنے میں ان کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی وہ شہر ہے جہاں پاکستان بنانے والوں کی اولادیں رہتی ہیں اور اگر اس شہر کا حق نہیں دیا گیا تو یہ حق چھین کر لیا جائے گا۔

گورنر سندھ نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے اس شہر کے جوان بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے اور ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد رکھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جس دن اختیار حاصل ہوگا اس دن اورنگی ٹاون والوں کی موجاں ہی موجاں ہونگیں، ہم عوامی پروگرام لائیں گے جس کے لیے ہمیں حکومتی فنڈ کی ضرورت ہی نہیں پڑیگی۔