اسداللہ بھٹو کا پشاور بم دھماکہ کی مذمت، مفتی منیر شاکر کی شہادت پر اظہار افسوس

اتوار 16 مارچ 2025 19:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2025ء)ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر و سابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے پشاور بم دھماکہ میں مفتی منیر کی شہادت پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک میں جے یو آئی س کے سربراہ مولانا حامد الحق حقانی کے بعد مفتی منیر شاکر پر بزدلانہ حملہ قابل مذمت اور سیکیورٹی اداروں کی ناکامی ہے۔

آخر پے درپے مدارس و مساجد، علماء و عوام بلاتفریق قتل و غارتگری کے شکار کیوں ہیں حکومت، ریاستی اداروں، سیکیورٹی فورسز کی ذمے داری ہے کہ وہ قیام امن اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ بلاشبہ حالیہ دہشتگردی کے پیچھے سی آئی اے اور راء سمیت بیرونی خفیہ ہاتھ کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جاسکتا مگر ہمیں اپنے گھر کو بھی ٹھیک ملک کی داخلی و خارجی پالیسیوں کو قومی مفاد کی خاطر ازسر نو ترتیب دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

جعفر ایکسپریس سانحے سمیت تمام مسائل کاحل طاقت کا اندھا استعمال کی بجائے بات چیت ہے۔ بلوچستان کے مسئلے کا حل بھی مذاکرات اور محرومیوں کا خاتمہ ہے۔ مگر بدقسمتی سے اس حوالے سے حکومتی سنجیدگی نظر نہیں آرہی ہے۔اس وقت ملکی سالمیت و ریاست خطرے میں ہے دوسری جانب فارم 47 کے ذریعے مسلط حکمران و ان کے سرپرست مزید امریکی غلامی اختیار کرنے میں تاب ہیں۔ان غلط پالیسیوں کے نتیجے پورا ملک دہشتگردی کے لپیٹ میں ہے جب سیکیورٹی ادارے بھی غیر محفوظ ہیں تو پھر عوام کو تحفظ کون دے گا۔ اسداللہ بھٹو نے مفتی منیر شاکر سمیت دیگر شہداء کی درجات بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی۔