ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر ، پاک فوج کے جوان اپنے خون سے ملک کو بچا رہے ہیں، عظمیٰ بخاری

پیر 17 مارچ 2025 22:54

ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر ، پاک فوج کے جوان اپنے خون سے ملک کو بچا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مارچ2025ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے جعفر ایکسپریس واقعہ،نوشکی اورپشاور دھماکوں مذمت کرتے ہوے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر آئی ہوئی ہے، پاک فوج کے جوان اپنے خون سے ملک کو بچا رہے ہیں۔ دہشتگردی کو سیاسی رنگ دینا افسوسناک ہے ۔ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا مذموم پروپیگنڈے میں مصروف ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس واقعہ،نوشکی اورپشاور دھماکے انتہائی قابل مذمت ہیں ، تین چار دن سے دہشتگردی کی نئی لہرمیں کئی واقعات دیکھنے کو مل رہے ہیں، افواج پاکستان اور سکیورٹی ادارے کلیئرنس آپریشنز کررہے ہیں، سکیورٹی اداروں نے جعفرایکسپریس واقعہ میں چند گھنٹوں میں کلیئرنس آپریشن کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات میں آپ اداروں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، ایسی جماعت پیدا ہوچکی ہے۔

جو افواج کے خلاف سوشل میڈیا پر زہریلی مہم چلاتی ہے، ہمارے دشمن ایسے زہریلے پراپیگنڈے سے فائدہ اٴْٹھاتے ہیں، بھارتی میڈیا کی شاید پہلے سے تیاری تھی کہ جعفرایکسپریس واقعہ ہونا ہے، انڈین میڈیا اوراس پارٹی کی طرف سے وہی مہم چلائی جارہی تھی، تحریک فساد کی ایسی حب الوطنی پر افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بھگوڑے باہر بیٹھ کر پاکستان کے خلاف سازشیں کررہے ہیں، شہبازگل آپ کی پارٹی کا رہنما ہے یا نہیں جو پاکستان پر حملے کی خوشیاں منائے ایسی جماعت کو سیاسی پارٹی نہیں مانتی، جعفرایکسپریس واقعہ پرکیا کوئی پاکستانی بھارتی میڈیا کی زبان بول سکتا تھا انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں چند دن میں دہشتگردی کے کئی واقعات ہوئے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے افغان پالیسی پر بڑی تنقید کی، وزیراعلیٰ کے پی نے کہا افغانیوں کو پاکستانی شہریت دینی چاہیے، 4 مارچ کوہونے والے بنوں دھماکے میں ایک افغان شہری کی شناخت ہوئی ہے، ہمارے افواج پاکستان کے جوانوں ،سکیورٹی اداروں نے کبھی ملک پر آنچ نہیں آنے دی۔

پنجاب حکومت کی کارکردگی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیشہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی پر بات کرنے آتی ہوں، میری وزیراعلیٰ کی ترجیح پنجاب کے عوام ہیں، پنجاب کے عوام کی زندگیوں میں آسانی پیدا ہورہی ہے، پنجاب کے عوام وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی سے خوش ہیں، سروے میں صرف 17فیصد لوگوں کو وزیراعلیٰ اچھی نہیں لگیں،چینی کا مسئلہ آیا تھا جس کو مناسب انداز میں حل کیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف زیروٹالرنس ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت تمام سکیورٹی ادارے ہائی الرٹ ہیں، پنجاب میں ہماری تیاری مکمل ہے، بڑے ایونٹس پر حکومت پنجاب کی تیاری ہے، اس وقت پوری قوم کو مل کر دہشتگردی کی نئی لہر کے خلاف لڑنا ہے، وزیراعظم پارلیمانی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ بھی بلالی ہے، فساد پارٹی کا مقصد پاکستان میں کسی نہ کسی طرح آگ لگوانا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے کہا کہ رمضان نگہبان پیکیج 30 ارب روپے کا ہے، لاکھوں لوگوں کو رمضان نگہبان پیکیج مل چکا ہے، لاہور میں گزشتہ دنوں ایک مسئلہ آیا ، شکایت ہوئی کہ کچھ لوگ پیسے لیکر بھاگ گئے ہیں، ہربنس پورہ تھانے میں مقدمہ درج کرکے ان کو گرفتار کیا گیا، 92 پے آرڈرز تھے جن میں سے 17 کیش ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین کو ان کا کیش وصول ہوچکا ہے، ضلعی انتظامیہ کی تعریف کرنا چاہتی ہوں، گھر گھر جاکر لوگوں کے پے آرڈرز ضلعی انتظامیہ نے پہنچائے، کیش سینٹر ز کا بھی دورہ کیا ہے، پنجاب کے عوام نے پے آرڈر کے طریقہ کو سراہا ہے، پے آرڈرز سے لوگوں کو باآسانی پیسے موصول ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں سہولت بازار 80 سے زائد ہیں جہاں ماڈل بازار نہیں وہاں بھی رمضان سہولت بازار قائم کیے گئے، پچھلے 18 دنوں میں 65 لاکھ لوگوں نے دورہ کیا، آٹے کے ایک لاکھ سے زائد بیگز سہولت بازاروں سے فروخت ہوئے، کھجور پچھلے رمضان 550 روپے کلو تھی اس رمضان 420 روپیکلو ہے، آلو،پیاز اورٹماٹر کی قیمتوں میں بھی سہولت دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پورے صوبے میں گھی کی قیمت پر50 روپے تک چھوڑے گئے، رمضان سٹالز سے روزانہ 2200 چینی کے تھیلے فروخت ہورہے ہیں، چینی اور گھی کی قیمتوں کا تعین حکومت نہیں کرسکتی کیونکہ اس پرعدالت کا آرڈر ہے، ہم نے صرف درخواست کی تھی رمضان سہولت بازاروں میں چینی 130 روپے کلو دی جائے۔