سابق وزیراعلیٰ سردارمحمد صالح بھوتانی ایک منجھے اورشریف النفس سیاستدان ہیں ، سید جہانگیرشاہ

بدھ 19 مارچ 2025 23:03

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2025ء)سیاسی و سماجی رہنماسید جہانگیرشاہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ سردار محمد صالح بھوتانی ایک منجھے اورشریف النفس سیاستدان ہیں موجودہ حکمرانوں نے انکے ساتھ جو رویہ اپنایا ہے وہ کسی بھی صورت قابل برداشت نہیں ہے،حکمران ملک میں امن و امان کے قیام اور پہاڑوں پر موجود افراد جو ہتھیار ڈالنا چاہتے ہیں ان سے بات چیت کیلئے سینئر سیاستدانوں اور قبائلی عمائدین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے جو ان سے موثر اور با عمل بات چیت کرسکے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سید جہانگیرشاہ نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سردار محمد صالح بھوتانی طویل عرصے سے اپنے حلقہ سے انتخابات جیت کر عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کرتے آرہے ہیں لیکن موجودہ حکمرانوں نے ایک سازش کے تحت انہیں انتخابات میں ہرایا اور انکے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف،سابق وزیراعظیم میاں محمد نواز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیرسے اپیل ہے کہ گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل،سعید احمد ہاشمی،نواب ذوالفقار مگسی،سردار محمد صالح بھوتانی،نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی،نوابزادہ جمیل بگٹی اوردیگر قبائلی عمائدین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دیں جو پہاڑوں پر موجود افراد جو ہتھیارڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونا چاہتے ہیں ان سے بات چیت کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا وطن ہے اس میں امن و امان کے قیام اوردہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہمیں ملکر کردارادا کرنے کی ضرورت ہے۔