پی ٹی آئی کا پارلیمانی سکیورٹی کمیٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنیکا فیصلہ غیرذمہ دارانہ ہے،مخدوم سید احمد محمود

بدھ 19 مارچ 2025 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے پی ٹی آئی کے پارلیمانی سکیورٹی کمیٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے کو غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بطور وزیرِاعظم اپنے دورِ حکومت میں کبھی کسی پارلیمانی قومی سلامتی اجلاس میں شرکت نہیں کی، چاہے وہ دہشت گردی سے متعلق ہو، مسئلہ کشمیر یا پھربھارتی جارحیت کے خلاف ہو۔

(جاری ہے)

مخدوم احمد محمود نے کہا کہ پاکستان اس وقت نازک ترین سکیورٹی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے جہاں قومی یکجہتی اور اتحاد کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، ایسے وقت میں سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملکی سلامتی اور بقا کو اولین ترجیح دینا ہر سیاسی جماعت اور ہر پاکستانی کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی سلامتی جیسے اہم ترین معاملات پر سیاست کرنا ملک دشمنی کے مترادف ہے، اگر پی ٹی آئی واقعی ملک و قوم کے ساتھ مخلص ہے تو اسے سیاسی انا اور ضد چھوڑ کر قومی سلامتی معاملات پر سنجیدہ اور مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔