قوم امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر 21مارچ کو اہل غزہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گی

جمعرات 20 مارچ 2025 23:10

قوم امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر 21مارچ کو اہل غزہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر اہل غزہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے اور امریکی سرپرستی میں صیہونی فوج کے مظالم کے خلاف 21مارچ بروز جمعتہ المبارک کو پنجاب سمیت ملک بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

وسطی پنجاب کے تمام اضلاع میں عوام الناس کے ساتھ ساتھ جماعت کے مرکزی ، صوبائی اور ضلعی ذمہ داران ، ارکان جماعت اورکارکنان احتجاج کریں گے۔ اسرائیل نے مظالم کی انتہا کر دی ہے۔ عالمی برادری اور بالخصوص مسلم دنیا کو یک زبان ہونا ہو گا ۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی توڑنا شرمناک اقدام ہے اور اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے صرف دو دونوں میں 170بچوں 80خواتین سمیت 970افراد کو شہید کرد یا گیا ہے۔

اسرائیل انسانیت کا قاتل ہے اس نے ظلم کی انتہا کر دی ہے ۔ معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ عالمی برادری اور انسانیت کی علمبر دار این جی اوز خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں ۔ اجلاس میں ملک میں ہونے والی دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پاکستان کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اس کے پیچھے براہ راست بھارت ملوث ہے ۔

ہندوستان یہ بر داشت ہی نہیں کر سکتا کہ پاکستان دہشت گردی سے پاک ہو اور معاشی لحاظ سے مستحکم ہو ۔گجرات کے قصائی مودی کی دہشت گردی بھارت کے اندر اور باہر بے بقاب ہو چکی ہے مگر عالمی برادری گٹھ جوڑ کی وجہ سے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اصل دشمن کے خلاف حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے ، افغانستان کے ساتھ مسائل کو مشاورت کے ساتھ حل کیا جائے ۔

دریں اثناء محمد جاوید قصوری نے جامعہ پنجاب کے گرینڈ افطار ڈنر میں غیر قانونی رکاوٹیں کھڑی کرنے اور پولیس کے ذریعے طلبہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ کی یہ گزشتہ چالیس سال سے روایت رہی کہ طلبہ کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔طلبہ کی تعمیری و فلاحی سرگرمیوں کو ابھارنے کی بجائے یونی ورسٹی انتظامیہ تشدد کا راستہ اختیار کر رہی ہے ۔