ْ بیگم نصرت بھٹو کی زندگی عزم، جمہوریت اور سماجی انصاف کی جدوجہد کی عبارت ہے، شیری رحمان

مادر جمہوریت بیگم بھٹو کی خدمات اور جمہوری کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، نائب صدر پیپلز پارٹی کا بیان

اتوار 23 مارچ 2025 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2025ء)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ بیگم نصرت بھٹو کی زندگی عزم، جمہوریت اور سماجی انصاف کی جدوجہد کی عبارت ہے۔ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کے 96 ویں جنم دن پر اپنے پیغام میں شیری رحمن نے کہاکہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 96ویں سالگرہ کے موقع پر ان کی پاکستان کے لیے بے پناہ خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

نائب صدر پیپلز پارٹی نے کہاکہ بیگم نصرت بھٹو کی زندگی عزم، جمہوریت اور سماجی انصاف کی جدوجہد کی عبارت ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے قید اور قتل کے بعد بیگم نصرت بھٹو نے پاکستان کے سیاسی منظر نامے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ نائب صدر پیپلزپارٹی نے کہاکہ بیگم نصرت بھٹو کا سیاسی سفر چیلنجز سے بھرپور تھا، انہوں نے مشکلات کا قابل ذکر ہمت کے ساتھ سامنا کیا، وہ جمہوریت اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے عزم پر ہمیشہ ثابت قدم رہیں۔

(جاری ہے)

شیری رحمان نے کہاکہ بیگم نصرت بھٹو نے ہمیشہ پسماندہ اور محروم لوگوں کے حقوق کی حمایت کی، اپنی پالیسیز میں خواتین کو بااختیار بنانے اور انکی تعلیم و صحت کی دیکھ بھال کی وکالت کی۔ شیری رحمن نے کہاکہ مادر جمہوریت بیگم بھٹو کی خدمات اور جمہوری کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔