حکومت کا عیدالفطر پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے اور کرایوں میں 20فیصد رعایت دینے کا اعلان

عید پر مسافروں کو کرایوں میں 20 فیصد رعایت دیں گے، کرایوں میں رعایت عید کے تین دن ملے گی، اگر کوئی ان تین دنوں کی ابھی بکنگ کروا تاہے تواس کو بھی رعایت ملے گی۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 24 مارچ 2025 21:07

حکومت کا عیدالفطر پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے اور کرایوں میں 20فیصد رعایت ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 24 مارچ 2025ء ) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ عیدالفطر پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلائیں گے اور کرایوں میں رعایت بھی دیں گے۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر 15دن پہلے طے کرلیا تھا کہ عیدالفطر پرپہلی بار 5 اسپیشل ٹرینیں چلا رہے ہیں،عید پر مسافروں کو کرایوں میں 20 فیصد رعایت دیں گے، کرایوں میں رعایت عید کے تین دن ملے گی، اگر کوئی ان تین دنوں کی ابھی بکنگ کروا لیتا ہے اس کو بھی رعایت ملے گی۔

اسپیشل ٹرینیں کراچی ، لاہور اور پشاور کیلئے چلائیں گے۔کوئٹہ اور پشاور کیلئے ٹرین سروس کیلئے پرسوں میٹنگ کریں گے، پٹری کو بحال کرلیا گیا ہے۔کراچی سے کوئٹہ کیلئے ٹرین چلانے کے قابل ہیں ، لیکن اس کیلئے پرسوں سکیورٹی میٹنگ کریں گے۔

(جاری ہے)

حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ میں نے کسی بھی جگہ بلٹ ٹرین ، گلاس ٹرین یا ایم ایل ون ، ٹو کا ذکر نہیں کیا، ہم پہلے جو موجودہ ٹرین سسٹم ہے اس کو بحال کریں گے،ٹریک ہمارے مدت پوری کرچکے ہیں، جرمنی کی کوچز بھی مدت پوری کرچکی ہیں، جو 70اور 90ء کے درمیان بنی ہیں۔

نئی کوچز 160 اور 180کی اسپیڈ والی ہیں، سیفٹی کیلئے ہمارے پاس کوئی سکینر نہیں ہے۔میں نے کہا کہ ہمیں ریلوے پولیس کو سی ٹی ڈی اور نیکٹا کی طرح بنا کر دے دیں ۔ مسافر ٹرینوں نے 2023 میں 39ارب ریونیو کمایا ہے۔ میرا ٹارگٹ 55 بلین کمانے کا ہے۔ 
دوسری جانب کوئٹہ سے اندرونِ ملک کے لیے ٹرین سروس تاحال بحال نہیں ہو سکی، جو 13 روز سے معطل ہے۔ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے پشاور کے لیے جعفر ایکسپریس اور کراچی کے لیے بولان میل تاحال بحال نہیں ہو سکیں۔

ٹرین سروس کی معطلی کے باعث مسافروں کو مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے۔ حکام کے مطابق اندرونِ ملک کے لیے ٹرین سروس سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد بحال کی جائے گی۔یاد رہے کہ صوبے کے ضلع کچھی میں 11مارچ کو جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سے ٹرین سروس معطل ہے۔