شہباز شریف کابینہ میں شامل ہونے کے بعد پرویز خٹک کیخلاف بی آر ٹی کرپشن کیس بند کر دیا گیا

پرویز خٹک اور شہاب علی شاہ کیخلاف شواہد نہیں ملے، کیس کی کارروائی روک دی گئی ہے، ترجمان قومی احتساب بیورو

muhammad ali محمد علی بدھ 26 مارچ 2025 20:28

شہباز شریف کابینہ میں شامل ہونے کے بعد پرویز خٹک کیخلاف بی آر ٹی کرپشن ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ2025ء) شہباز شریف کابینہ میں شامل ہونے کے بعد پرویز خٹک کیخلاف بی آر ٹی کرپشن کیس بند کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ماضی میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی جانب سے کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے والے سابق وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ پرویز خٹک کو شہباز شریف کی وفاقی کابینہ میں شامل ہوتے ہی کلین چٹ مل گئی۔

ماضی میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی پرویز خٹک پر بی آر ٹی پشاور اور مالم جبہ کرپشن کے الزامات عائد کرتے رہے، تاہم ان ہی پرویز خٹک کو اب شہباز شریف نے اپنی کابینہ میں شامل کر لیا ہے۔ شہباز شریف کی کابینہ میں شامل ہونے کے بعد سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک اور شہاب علی شاہ کیخلاف بی آر ٹی کرپشن کارروائی روک دی گئی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ترجمان قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پشاور بی آر ٹی مبینہ کرپشن کیس میں پرویز خٹک اور شہاب علی شاہ کے خلاف شواہد نہیں ملے۔

نیب نے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مراسلہ لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ کیس میں سابق چیف سیکرٹری اور کنٹریکٹرز کے خلاف بھی کارروائی روک دی گئی ہے جس میں 3 چینی کنٹریکٹرز بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ بی آر ٹی پشاور منصوبہ سابق وزیرِ اعلیٰ پرویز خٹک کے دورِ میں شروع ہوا تھا جبکہ شہاب علی شاہ اس وقت سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی خیبر پختونخواہ تھے۔ تحریک انصاف سے وابستہ رہنے تک پرویز خٹک مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے کرپشن الزامات کا سامنا کرتے رہے۔ تاہم 9 مئی واقعات کے بعد تحریک انصاف سے الگ ہو کر اپنی جماعت بنانے کے باوجود عام انتخابات میں بری طرح شکست کھا جانے والے پرویز خٹک کیخلاف مسلم لیگ ن نے ماضی میں لگائے جانے والے کرپشن الزامات پر خاموشی اختیار کر لی ہے۔