خیبرپختونخواہ میں سیکورٹی فورسز کے مختلف آپریشنز میں 11خوارج جہنم واصل

آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، یہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے تھے،آئی ایس پی آر

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 28 مارچ 2025 10:34

خیبرپختونخواہ میں سیکورٹی فورسز کے مختلف آپریشنز میں 11خوارج جہنم واصل
پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 مارچ 2025)خیبر پختونخوا ہ میں سکیورٹی فورسز کے 4 الگ الگ آپریشنز میں 11 خوارج جہنم واصل کردیئے گئے،آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، یہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے تھے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 26 اور 27 مارچ کو سیکیورٹی فورسز کی چار الگ الگ کارروائیوں میں 11 خوارج ہلاک کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آرکاکہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں خفیہ اطلاع پر پہلی کارروائی 5 خوارج مارے گئے جبکہ دوسری کارروائی بھی میر علی میں ہی کی گئی جس میں 3 خوارج دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق اسی علاقے میں دوسری کارروائی میں مزید 3 خوارج کو کامیابی سے انجام تک پہنچایا گیا۔ شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں ہونے والے ایک اور مقابلے میں سیکیورٹی فورسز نے 2 خوارج کو ہلاک کیا۔

سکیورٹی فورسز کی جانب سے تیسری کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں کی گئی جہاں 2 خوارج مارے گئے جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں چوتھی کارروائی کے دوران ایک خوارج مارا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج ملک میں مختلف دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔ سیکیورٹی فورسز علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی باقی ماندہ خارجی کو ختم کیا جا سکے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے عزم پر قائم ہے۔دریں اثناءوزیراعظم محمد شہباز شریف کا ضلع شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی اور میران شاہ اور ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا ہے۔وزیراعظم نے آپریشنز میں 11 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔