وزیراعظم کے بجلی ریلیف پیکج کی خیبر پختونخوا میں تعریف، وزیراعظم نے پاکستانیوں کے دل جیت لیے، اختیار ولی خان

جمعرات 3 اپریل 2025 20:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2025ء) خیبر پختونخوا کے امور کےلیے وزیراعظم کے معاون برائے اطلاعات اختیار ولی خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے گھریلو اور صنعتی دونوں صارفین کےلیے ایک تاریخی ریلیف پیکج کا اعلان کر کے تمام پاکستانیوں کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام بالخصوص تاجر، کاروباری افراد، صنعتیں، زمیندار اور کسان اس پیکج سے بڑے پیمانے پر مستفید ہوں گے۔

جمعرات کو وزیراعظم نے مہنگی بجلی کے بلوں کا سامنا کرنے والے شہریوں پر بوجھ کم کرنے کےلیے ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں 7.41 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا۔ صنعتوں کےلیے وزیراعظم نے اعلان کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں 7.59 روپے کی کمی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اختیار ولی نے پوری قوم بالخصوص خیبر پختونخوا اور سابقہ فاٹا کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور ان کی مالیاتی ٹیم پوری قوم کےلیے میگا ریلیف پیکج پر مکمل کریڈٹ اور تعریف کی مستحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو فی یونٹ بجلی میں اس کمی کےلیے قائل کرنا آسان کام نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ پیکج ملک میں صنعت کاری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ چترال سے کراچی اور وزیرستان سے گلگت تک گھریلو صارفین کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد کرے گا۔خیبر پختونخوا میں کمزور صنعتیں بحال ہوں گی جبکہ نوزائیدہ صنعتوں کو کھلی منڈی میں مقابلے کے دور میں مطلوبہ ترقی حاصل کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔

پشاور یونیورسٹی کے شعبہ معاشیات کے سابق چیئرمین محمد نعیم نے وزیراعظم کے بجلی پیکج کا خیر مقدم کیا اور اسے پاکستان میں لاکھوں گھریلو اور صنعتی صارفین کےلیے تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ لوگ بجلی کی اہمیت کو سمجھیں گے اور عوام کے سامنے بجلی چوروں کو بے نقاب کرنے میں حکومت کی مدد کریں گے۔ ریٹائرڈ انفارمیشن آفیسر مثل خان، ریٹائرڈ پی ایس ٹی ٹیچر فیاض خان، کسان عبدالودود خان اور گھریلو خاتون تاجہ بی بی نے بھی وزیراعظم کے ریلیف پیکج کا خیرمقدم کیا اور اسے تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے اور پوری قوم کو بڑے پیمانے پر ریلیف دینے پر وہ مکمل تعریف کے مستحق ہیں۔