شہید ذوالفقار علی بھٹو عظیم رہنما ،پاکستانی عوام کو ان کے جمہوری حقوق کا شعور دیا ، فریال تالپور

جمعرات 3 اپریل 2025 21:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور نے پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یوم شہادت کے موقع پر قائدِ عوام کی بے مثال خدمات اور لازوال قربانی پر ان کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، فریال تالپور نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک عظیم رہنما تھے، جنہوں نے پاکستانی عوام کو ان کے جمہوری حقوق کا شعور دیا اورانہیں پیپلز پارٹی کی شکل میں ایک ناقابلِ تسخیر پلیٹ فارم فراہم کیا تاکہ وہ اپنے حقوق حاصل اور ان کا تحفظ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ 1973ع کا متفقہ آئین، زرعی اصلاحات، صنعتی ترقی، سفارتی تعلقات، اور جوہری پروگرام جیسے بیشمار اقدامات شہید بھٹو کے قوم کو دیئے ہوئے تحفے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ 'فخرِ ایشیا' نے نہ صرف پاکستان کی سیاست اور سماج کو ہمیشہ کے لیئے تبدیل کردیا، بلکہ امت مسلمہ سے لے کر عالمی تاریخ کے کینواس پر اپنے سیاسی تدبر کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔

فریال تالپور نے اس بات پر بھی زور دیا کہ شہید بھٹو کا نعرہ "طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں" آج بھی اتنا ہی متعلقہ ہے جتنا ماضی میں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اطمینان کی بات ہے کہ قائدِ عوام کا پرچم جو پہلے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اٹھا رکھا تھا، وہ اب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھوں میں ہے، اور ان کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کی مضبوطی، مساوات کے فروغ اور عوام کی بہبود و خوشحالی کے لیے پرعزم ہے۔

فریال تالپور نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو خراج تحسین پیش کیا، جن کے ویژن اور کاوشوں کے نتیجے میں ملک کی سب سے بڑی عدالت نے ملک کے پہلے منتخب وزیر اعظم کو انصاف دیتے ہوئے انہیں بے گناہ قرار دیا۔ فریال تالپور نے پارٹی کارکنان اور قوم پر زور دیا کہ وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی میراث کو زندہ رکھتے ہوئے ان اصولوں پر کاربند رہیں جن کے لیے قائدِ عوام نے جدوجہد کی اور اپنی جان تک قربان کردی۔

آئیے،آج یہ عہد کریں کہ ہم سب مِل کر فکرِ بھٹو کی روشنی میں انصاف، خوشحالی اور جمہوری اقدار پر مبنی پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ فریال تالپور نے جیالوں سمیت تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ کل (4 اپریل) کو گڑھی خدابخش میں ہونے والے عظیم الشان جلسہ عام میں بھرپور شرکت کو یقینی بناکر دنیا کو ایک بار پھر یہ پیغام دیں کہ زندہ قومیں اپنی قیادت اور شہیدوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔