ذوالفقار علی بھٹو کو ہم سے جدا تو کر دیا گیا لیکن ان کی یاد اور ان کی جلائی ہوئی شمع آج بھی پاکستان کے عوام کے دلوں میں ہے، عبدالجبار خان

جمعرات 3 اپریل 2025 21:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2025ء) وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے خوراک و سابق ایم پی اے عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کو عدالتی قتل کے ذریعے ہم سے جدا تو کر دیا گیا لیکن ان کی یاد اور ان کی جلائی ہوئی شمع آج بھی پاکستان کے عوام کے دلوں میں ہے اور تمام تر آمریت اور اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود نہ تو ذوالفقار علی بھٹو اور نہ ہی پیپلزپارٹی کو عوام سے دور کیا جا سکا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جمہوریت کی بحالی کیلئے جو قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ کا حصہ ہے ، پورے ملک میں پیپلزپارٹی کے کارکنان کو جیلوں کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں۔ انہیں شدید انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا اور پیپلزپارٹی کی قیادت جس میں ذوالفقار علی بھٹو، بینظیربھٹو ، شاہنواز بھٹی اور مرتضی بھٹو کو شہید کیا گیا لیکن وقت نے ثابت کیا کہ پیپلزپارٹی کو نہ تو کبھی ختم کیا جاسکتا تھا اور نہ ہی ختم کیا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جب بھی 4 اپریل آتا ہے ہمارے زخم ہرے ہو جاتے ہیں اس دن ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دینے والا کردار تاریخ کا بدترین حصہ بن چکے ہیں اور ذوالفقار علی بھٹو عوام میں زندہ اور مقبول ہیں اور ان کے چھوڑے ہوئے مشن کو پہلے بینظیر بھٹو نے اور اب بلاول بھٹو آگے بڑھا رہے ہیں۔