وزیراعلیٰ پنجاب کا وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو بجلی قیمتوں میں تاریخی کمی پر خراجِ تحسین

جمعرات 3 اپریل 2025 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صدر مسلم لیگ (ن)محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو بجلی کی قیمتوں میں تاریخی کمی پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے اس تاریخی فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے، تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی محمد نواز شریف اقتدار میں آئے، ملک کو بحرانوں سے نکالا اور عوام کو حقیقی ریلیف دیا،بجلی نرخوں میں کمی عید کے موقع پر قوم کے لئے ایک قابل قدر تحفہ ہے، گھریلو صارفین کیلئے7.41 روپے فی یونٹ اور صنعتوں کے لیے 7.59 روپے فی یونٹ کمی مہنگائی سے ستائے عوام کے لئے بہت بڑی معاشی سہولت ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی سے عوام دوستی اوردور اندیشی کا ثبوت دیا ہے، بجلی نرخوں میں کمی ملکی معیشت اور صنعتوں کے فروغ کے لیے بھی سنگ میل ثابت ہوگی،بجلی کے نرخ میں کمی کا فیصلہ محمد نواز شریف اور انکی کی عوام سے کمٹمنٹ کا اظہار ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ ن عوام کو ریلیف دینے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔وزیرِاعظم محمد شہباز شریف صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔