وفاقی وزیرپٹرولیم سے امریکی ناظم الامورنیتالی بیکرکی ملاقات، دوطرفہ توانائی تعاون، پائیدار ترقی ،پاک امریکہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

جمعہ 4 اپریل 2025 23:03

وفاقی وزیرپٹرولیم سے امریکی ناظم الامورنیتالی بیکرکی ملاقات، دوطرفہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2025ء)وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہاہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے اسٹرٹیجک تعلقات کو اہمیت دیتا ہے ،چاہتا ہے تعلقات ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے طور پر استوار ہوں، ہم تیل، گیس اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کو تلاش کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ پائیدار ترقی اور عوام کے لیے سستی توانائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

جمعہ کو وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیتالی بیکر نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ توانائی تعاون، پائیدار ترقی اور پاک امریکہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارتِ پیٹرولیم میں ہونے والی ملاقات میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان توانائی کے شعبے میں شراکت داری کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی، بشمول قابلِ تجدید توانائی کے منصوبے، معدنیات، ہائیڈروکاربنز اور بنیادی ڈھانچے کے سرمایہ کاری۔

(جاری ہے)

نیتالی بیکر اور وزیرِ پیٹرولیم نے توانائی کے اہم چیلنجز، ٹیکنالوجی کی جدت، اور پاکستان کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پالیسی اقدامات پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔ نیز دونوں نے باہمی فائدے کی شراکت اور توانائی شعبے کی پائیداری کے لیے مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی بات چیت کی۔ وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے امریکی حکومت کے مسلسل تعاون کا خیر مقدم کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ، "پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے اسٹریٹجیک تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور چاہتا ہے کہ یہ تعلقات ڈیولپمنٹ پارٹنرز کے طور پر استوار ہوں۔ ہم تیل، گیس اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کو تلاش کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ پائیدار ترقی اور عوام کے لیے سستی توانائی کو یقینی بنایا جا سکے۔" وفاقی وزیر نے امریکی ناظم الامور کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اگلے ہفتے ہونے والے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں امریکی اعلیٰ سطحی وفد کی شرکت کے لیے ذاتی طور پر کاوش کی۔

اس فورم میں امریکہ کے ایکٹنگ اسسٹنٹ سیکرٹری برائے جنوبی و وسطی ایشیا مسٹر ایرک میئر شرکت کریں گے، جو طویل عرصے بعد اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ سیکرٹری لیول کا ایک اہم دورہ ہوگا۔ نیتالی بیکر نے پاکستان کی معاشی بحالی اور اہم اصلاحات کے کامیاب عمل کو سراہا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ "امریکہ کا پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی کے شعبے میں مثبت تعاون جاری ہے۔ صدر ٹرمپ نے اپنے پہلے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی سیکورٹی کاوشوں کو سراہا۔ اب وقت آگیا ہے کہ اس تعلق کو وسعت دی جائے اور اسے ایک نئی سطح پر لے جایا جائے۔" انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اصلاحات کے راستے پر پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کا اختتام باہمی توانائی کے اہداف کو آگے بڑھانے اور پاک-امریکہ تعاون کے نئے راستوں کو تلاش کرنے کے مشترکہ عزم پر ہوا۔