Live Updates

عمرکوٹ کا ضمنی انتخاب پیپلز پارٹی کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہوگا، حلیم عادل شیخ

جمعہ 4 اپریل 2025 23:20

عمرکوٹ کا ضمنی انتخاب پیپلز پارٹی کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہوگا، حلیم ..
عمرکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2025ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 عمرکوٹ میں 17 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی ای)کے مشترکہ امیدوار لالچند مالہی میدان میں آگئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے عمرکوٹ پہنچ کر انتخابی مہم کو مزید تیز کر دیا، جہاں وہ پی ٹی آئی امیدوار لالچند مالہی کے ہمراہ ڈور ٹو ڈور الیکشن مہم میں شریک ہوئے۔

انتخابی مہم کے دوران حلیم عادل شیخ کے ساتھ پی ٹی آئی کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری حاجی نثار آرائیں، ایم پی اے سجاد سومرو اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ پی ٹی آئی کے قافلے کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی، جبکہ پورے حلقے میں عوام نیعمران خان کے امیدوار کی حمایت کے اعلانات کیے گئے۔

(جاری ہے)

حلیم عادل شیخ نے عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمرکوٹ کے عوام پی ٹی آئی امیدوار لالچند مالہی کے ساتھ اس لیے کھڑے ہیں کیونکہ وہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے ساتھ مشکل وقت میں بھی ثابت قدم رہے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ 17 اپریل کو پیپلزپارٹی کو عبرتناک شکست ہوگی اور اس دن سندھ میں پی پی کے زوال کا آغاز ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام پیپلزپارٹی کی کرپشن اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جاگ چکے ہیں۔ پیپلزپارٹی نے سندھ کے پانی کو سودہ کر کے اپنی سندھ دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ عمرکوٹ کا ضمنی انتخاب عوامی ریفرنڈم ہوگا، جہاں سندھ کے عوام فیصلہ کریں گے کہ وہ کینالوں کے حامیوں کا ساتھ دیں گے یا سندھ کے وسائل کے محافظوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ دریائے سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالنا سندھ کو بنجر بنانے کی سازش ہے۔ کراچی اور حیدرآباد کے کروڑوں شہریوں کو پانی سے محروم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 5 اپریل کو سکرنڈ سے حیدرآباد تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، جو صبح 11 بجے سکرنڈ سے روانہ ہوکر شام 4 بجے حیدرآباد کے ہٹڑی بائی پاس سے ہوتی ہوئی حیدر چوک حیدرآباد پہنچے گی، جہاں ایک بڑا جلسہ منعقد ہوگا۔

اسی طرح 6 اپریل کو کراچی پریس کلب پر پانی کی چوری کے خلاف پی ٹی آئی کراچی ڈویزن کی میزبانی میں ایک بڑا احتجاج ریکارڈ کیا جائے گا۔ جس میں دریائے سندھ بچائو تحریک میں شامل تمام جماعتوں کے رہنما و کارکنوں سمیت سندھ بھر سے عوام شرکت کرے گی۔ انہوں نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے لیے باہر نکلیں اور پیپلزپارٹی کی سندھ کو بنجر بنانے کی سازش کے خلاف آواز بلند کریں۔

پی ٹی آئی و جی ڈی اے کے مشترکہ امیدوار لالچند مالہی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کے پانی کو سودہ کرکے سندھ کے عوام کی پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام سراپا احتجاج ہیں اور 17 اپریل کو عوام اپنے ووٹ سے ثابت کریں گے کہ وہ سندھ کے دشمنوں کے خلاف اور اپنے حقوق کے محافظوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا عمرکوٹ کے ضمنی انتخابات میں عوام پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے اور پیپلزپارٹی کے خلاف شدید عوامی ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ عوام کا یہ جوش و خروش 17 اپریل کو عمرکوٹ میں پی ٹی آئی کی تاریخی جیت ثابت ہوگا اور پیپلزپارٹی کا سندھ سے خاتمی کی شروعات ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات