نواز شریف کا پنجاب میں سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ، پارٹی معاملات چلانے کیلئے 90 شاہراہ کے دفتر بیٹھا کرینگے

صدر ن لیگ کیلئے ایوان وزیراعلیٰ میں دفتر بنانے کےلئے تیاریوں کاآغاز کر دیا گیا، نواز شریف سے تمام ایم پی ایز، ایم این ایز اور ٹکٹ ہولڈرز سمیت پارٹی ورکرز بھی ملاقاتیں کریں گے

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 7 اپریل 2025 15:30

نواز شریف کا پنجاب میں سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ، پارٹی معاملات ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07اپریل 2025)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدرنواز شریف کا پنجاب میں سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ،پارٹی معاملات کو چلانے کیلئے باقاعدہ دفتر میں بیٹھا کرینگے، نوازشریف پارٹی رہنماوں سے ملاقاتیں کرکے ان کے تحفظات کو دور کریں گے،صدر ن لیگ کیلئے ایوان وزیراعلیٰ 90 شاہراہ میں دفتر بنانے کےلئے تیاریاں شروع کردی گئیں۔

نواز شریف لندن واپسی کے بعد باقاعدہ روزانہ کی بنیاد پر 90 شاہراہ مال روڈ پر بیٹھ کر باقاعدہ پارٹی معاملات چلائیں گے۔ نوازشریف سے تمام ایم پی ایز، ایم این ایز اور ٹکٹ ہولڈرز سمیت پارٹی ورکرز بھی ملاقاتیں کریں گے۔حکومت پنجاب کے خصوصی اجلاس میں لاہور اتھارٹی فار ہیرٹیج ریواﺅل قائم کر کے صدر ن لیگ نواز شریف کو اس کا پیٹرن ان چیف بنایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا شریف میڈیکل سٹی میں طبی معائنہ کیا گیا۔نواز شریف نے شریف میڈیکل سٹی ہسپتال میں معمول کا میڈکل چیک اپ کرایا۔شریف میڈیکل سٹی میں ڈاکٹر عدنان کی سربراہی میں ڈاکٹرز کی ٹیم نے نواز شریف کا معمول کا طبی معائنہ کیا گیا۔ڈاکٹرز نے صدر ن لیگ نواز شریف کی صحت تسلی بخش قرار دیدی۔

صدر مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف میڈیکل چیک اپ کے بعد شریف میڈیکل سٹی ہسپتال سے واپس اپنی رہائش گاہ جاتی امراءپہنچ گئے۔یہ بھی بتایاگیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا آئندہ ہفتے لندن جانے کاامکان ہے ۔نواز شریف لندن میں اپنا طبی معائنہ کرائیں گے ۔نواز شریف کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ،حسین نوازسمیت ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان و دیگر افراد بھی لندن جائیں گے۔

نواز شریف کا لندن میں دو ہفتے قیام کرنے کا امکان بتایاگیا ہے ۔نواز شریف لندن سے اپنی سیاسی سرگرمیوں کا دوباہ آغاز کرینگے ۔صدر ن لیگ دورہ لندن کے دوران مختلف اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کرینگے ۔وزیراعظم شہبا ز شریف بھی آئندہ جمعہ کو بیلاروس کے دو روزہ دورے پر منسک جائیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف بیلاروس سے لندن پہنچیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف بھی لندن میں تین روز قیام کرینگے۔