ہم مقبوضہ کشمیر کی مکمل آزادی تک ہر محاز پر پوری استقامت سے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ،صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

بدھ 9 اپریل 2025 18:26

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے ہمہ وقت جدوجہد روز اول سے ہی میری سیاست کا مرکز و محور رہی ہے، ہم مقبوضہ کشمیر کی مکمل آزادی تک ہر محاز پر پوری استقامت سے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ،میرا حالیہ دورہ برطانیہ و امریکہ اسی سلسلے کی کڑی تھا ،میں نے ایک مرتبہ پھر برطانوی اور امریکی ایوانوں میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے ،مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کے انسانیت سوز مظالم تاریخ میں سیاہ باب کے طور پر یاد رکھے جائیں گے ،بھارت ہر قسم کے ظالمانہ ہتھکنڈے آزمانے کے باوجود کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبانے میں ناکام و نامراد رہا ہے ،کشمیری عوام کے جذبہ حریت میں پہلے سے زیادہ شدت آچکی ہے ،انشاء اللہ جلد کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو گا، راٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے ،جس کی تکمیل سے میرپور ،کوٹلی ،ڈڈیال ،چکسواری سمیت پورے میرپور ڈویژن کی عوام کو سفری سہولیات میسر آئیں گی،میرپور میں پارکنگ پلازہ کا افتتاح کر دیا ہے ،نیو سٹی میرپور کی عوام کا دیرینہ مطالبہ ذیلی کنبہ جات حل کے قریب پہنچ چکا ہے جلد عوام کو الاٹمنٹ چٹیں جاری کر دی جائیں گی،سی پیک منصوبہ کے تحت میرپور مظفرآباد مانسہرہ موٹر وے کو فوری طور پر مکمل کیا جائے ،اس منصوبے کو مکمل کروانے کے لیے کوشاں ہوں ،اس کے ساتھ ساتھ میرپور میں سی پیک بزنس سینٹر کا قیام بھی میری اولین ترجیحات میں شامل ہے ،بزنس سینٹر کے قیام سے میرپور میں تعمیر و ترقی کا انقلاب برپا ہو گا ، اوورسیز کمیونٹی کو بزنس سینٹر میں انویسٹمنٹ کے مواقع ملیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے میرپور قائد اعظم سٹیڈیم میں اپنے اعزاز میں منعقدہ عید ملن پارٹی کے جلسہ عام سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اعزاز میں منعقدہ عید ملن پارٹی میں میرپور کی عوام کی ہزاروں کی تعداد میں پر جوش شرکت نے عید ملن پارٹی کو جلسہ عام میں بدل دیا۔

قائد اعظم سٹیڈیم میرپور میں جلسہ گاہ آمد پر اہلیان میرپور نے اپنے محبوب قائد کا والہانہ انداز میں تاریخی استقبال کیا ۔عید ملن کے اجتماع میں میرپور کی عوام ،وکلا برادری ،انجمن تاجران ،میڈیا نمائندگان سمیت دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔اوورسیز کمیونٹی نے بڑی تعداد میں صدر ریاست کا خطاب سوشل میڈیا کے ذریعے لائیو سنا ۔

عید ملن پارٹی سے وزیر فزیکل پلاننگ و ہائوسنگ چوہدری یاسر سلطان، وزیر برقیات چوہدری محمد ارشد،محترمہ صبیحہ صدیق، صدارتی مشیر چوہدری محبوب ایڈووکیٹ، میئر میرپور عثمان خالد،سابق ایڈمنسٹریٹر بھمبر چوہدری ریاض (کسگمہ )اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہم غزہ کے خلاف قابض اسرائیلی افواج کی دوبارہ جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ،اسرائیلی فوج کی طرف سے بین الاقوامی انسانی قانون کی ذرا بھی پرواہ کیے بغیر غیر مسلح شہریوں کی آبادی والے علاقوں پربمباری قابل مذمت ہے،اسرائیل کی جانب سے بلاامتیاز تشدد نے ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کی جانیں لے لی ہیں، جن میں خواتین، بچے، طبی عملہ اور انسانی ہمدردی کے کارکن شامل ہیں، اقوام متحدہ او آئی سی اور عالمی برادری غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جاری جارحیت کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھائے۔