مسلم لیگ(ن) ہی عوام کی حقیقی ترجمان جماعت ہے جو عوام کوانشاء اللہ مایوس نہیں کرے گی،عشرت اشرف

ن) لیگ جب سے اقتدار میں آئی ملک میں نفرت کی سیاست کو پروان چڑھانے کے بجائے تعمیر و ترقی ، خوشحالی واستحکام اورامن کیلئے کام کیا،،مرکزی رہنماء

بدھ 9 اپریل 2025 20:35

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2025ء)پاکستان مسلم لیگ(ن)کی سابق رکن قومی اسمبلی وشعبہ خواتین کی مرکزی صدرو رکن قومی صوبائی اسمبلی بیگم عشرت اشرف نے اپنے جاری بیان میں کہاہے کہ مسلم لیگ(ن) ہی عوا م کی حقیقی ترجمان جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی شاہراہوں پر گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،انشاء اللہ مسلم لیگ(ن) عوام کو مایوس نہیں کرے گی اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے گی، پاکستان مسلم لیگ(ن) کا منشور ترقی اور امن ہے،جب بھی مسلم لیگ(ن) اقتدار میں آئی تعمیر و ترقی ، خوشحالی واستحکام اورامن کیلئے کام کیا،پارٹی قائدین نے ملک کے اندر نفرت کی سیاست کو پروان نہیں چڑھایاجبکہ ہمارے مخالفین نے چار سالوں میں سوائے نفرت کی سیاست،گالم گلوچ کے علاوہ کچھ نہیں کیا،پورے پاکستان میں ان چارسالوں میں ترقیاتی منصوبوںکے فنڈز بند کردئیے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قائد مسلم لیگ(ن) محمدنوازشریف کی ہدایت پر وزیراعظم محمدشہبازشریف نے عوام کوبجلی کی قیمتوں میں ساڑھے 7روپے کمی کااعلان کرکے عوام کو عید الفطر کا تاریخی تحفہ دیا ہے،بجلی کی قیمتوںمیں بڑی کمی سے بجلی کے بلوں میں بڑا ریلیف ملے گا،مہنگائی میں مزید کمی آئے گی اب وطن عزیز معاشی طورپر مستحکم ہورہاہے۔مسلم لیگی رہنما بیگم عشرت اشرف نے مزید کہاکہ یکم اپریل2022ء کو پاکستان اندرونی طورپر ڈیفالٹ کرچکاتھا اس کے 11روزبعد عدم اعتماد ہوا اور اتحادی حکومت بنی آئی،قائد محمد نوازشریف کی سرپرستی میں وزیراعظم محمدشہبازشریف اور وفاقی کابینہ کی شب وروز محنت سے پاکستان کوڈیفالٹ ہونے سے بچایا اور وزیراعظم شہبازشریف کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے کہ حال ہی میں ساڑھے 7روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے کچھ سیاسی و مذہبی جماعتیں سوائے لوگوں میں نفرت و انتشار پیدا کرنے کے علاوہ کوئی اور کام نہیں کررہیں، قوم کا بھی فرض ہے کہ ہر اس آواز کو رد کرے جو ملک کے اندر تقسیم، نفرت اور انتہاپسندی پید اکرتی ہے۔