اسرائیل ناجائز ریاست ،مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں،مولانا عبدالواحد خان سواتی

جمعہ 11 اپریل 2025 22:56

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2025ء)جمعیت علما اسلام (س)ضلع حیدرآباد کے امیر مولانا عبدالواحد خان سواتی، جنرل سیکریٹری حافظ ارمان احمد چوہان،، مولانا اشرف بنوری، قاری سعداللہ خان، محمد علی شیخ، صاحبزادہ عتیق الرحمن اور حافظ عبدالوحید مغل نے کہا پے کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے اس نے مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں، ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کو شہید، ہزاروں کو زخمی اور لاکھوں کو بے گھر کر چکا ہے، دنیا کے ممالک جو اپنے آپ کو انسانیت سے محبت کرنے والا کہتے ہیں انہوں نے فلسطین کے مسئلے پر اپنا دوگلا پن ظاہر کر دیا، انہیں کتے کے مرنے کا غم تو ہوتا ہے مظلوم مسلمانوں کی شہادت کا انہیں کوئی غم اور افسوس نہیں، اور ان سے زیادہ دکھ ہمیں اپنے مسلمان حکمرانوں پر ہوتا ہے ڈیڑھ ارب سے زائد آبادی 57 کے قریب ممالک مگر پھر بھی اپنے مسلمان بھائیوں پر ظلم برداشت کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر نماز جمعہ و دیگر اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی رہنماں نے کہا کہ مسلم عوام اپنے حکمرانوں کو خواب غفلت سے جگائیں اور انہیں اس بات پر قائل کریں کے ہم سب مسلمان ملکر غزہ کے مظلوموں کا ساتھ دیں اب تو پاکستان سمیت دنیا بھر کے جید علما کرام نے اسرائیل کے خلاف جہاد کا فتوی بھی دے دیا ہے اب مسلم حکمرانوں کو چاہیے کے وہ اپنی افواج اور دفاعی ساز و سامان سے فلسطین کا دفاع کریں اور اسرائیل کے غرور کو خاک میں ملا دیں، انہوں نے کہا کہ ہم دنیا بھر کے مسلمانوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کے اسرائیل اور یہودی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں اور ان دوکانوں کا بھی بائیکاٹ کریں جو یہ اشیا رکھتے ہیں، اگر ہم نے یونہی اسرائیل کا ظلم برداشت کر لیا تو وہ کل کو کسی بھی مسلمان ملک کے خلاف جارحیت کر سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم سب مسلمانوں کو اس وقت اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، جمعیت علما اسلام (س) پاکستان کے قائدین مولانا سمیع الحق شہید اور مولانا حامد الحق شہید نے اپنی پوری زندگی مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرتے کرتے گزار دی اور بالآخر شہید کر دیئے گئے، ان شااللہ ہم بھی اپنے نومنتخب امیر مولانا عبدالحق ثانی کی قیادت میں اپنے شہید قائدین کا مشن جاری رکھیں گئے اور دنیا بھر کے مظلوموں کا ساتھ دیتے رہیں گے۔