اسرائیلی دہشت گردی ،ْاہل غزہ وفلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے ’ یکجہتی غزہ مارچ ‘(آج) ہو گا

اہل کراچی ایمانی جذبے کے ساتھ اپنی فیملی کے ہمراہ جوق در جوق شریک ہوں ،منعم ظفر خان کی لیاقت آباد میں کیمپ پر میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 12 اپریل 2025 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2025ء) جماعت اسلامی کے تحت امریکی پشت پناہی سے اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ پر مسلسل بمباری ، مظلوم و نہتے فلسطینی مسلمانوں ، خواتین و بچوں سمیت سینکڑوں فلسطینیوں کی شہادت کے خلاف اور’’اہل غزہ وفلسطین ‘‘ سے یکجہتی اور اتحاد امت کے اظہار کے لیی- اتوار13 اپریل کو4بجے سہ پہر شاہراہ فیصل پر عظیم الشان ’’ یکجہتی غزہ مارچ‘‘ ہو گا۔

شہر بھر سے لاکھوں مردو وخواتین اور مختلف طبقات و مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد شریک ہوں گے ۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے ۔ ’’ یکجہتی غزہ مارچ‘‘ کی تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔مارچ کے سلسلے میں شہر بھر میں کیمپ لگائے گئے اور بڑی تعداد میںکارنر میٹنگز و مظاہروں کا انعقاد کیا گیااور عوامی رابطہ مہم چلائی گئی ۔

(جاری ہے)

امیر جما عت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے فردوش شاپنگ سینٹر لیاقت آباد میں قائم یکجہتی کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کراچی کے عوام،علماء، وکلاء،ڈاکٹرز، انجینئرز، طلبہ، تاجر، مزدور سمیت سول سوسائٹی و تمام طبقات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ مردوخواتین سے اپیل کی کہ پورے ایمانی جذبے اور بھر پور جوش و خروش کے ساتھ جوق درجوق اپنی فیملی کے ہمراہ ’’ یکجہتی غزہ مارچ‘‘میں شر یک ہوں اور اسرائیل کی جارحیت ،امریکہ اسرائیل گٹھ جوڑ، فلسطینیوں کی بے دخلی ،قبلہ اوّل پر قبضے کی سازشوں و کوششوں کے خلاف اور اہل غزہ وفلسطینی مسلمانوں کی جدو جہد کے ساتھ بھر پور اظہارِ یکجہتی کریں۔

یکجہتی کیمپ کے شرکاء سے امیرضلع گلبرگ وسطی کامران سراج، ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد فراز حسیب نے بھی خطاب کیا ، اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز،لیاقت آباد مارکیٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران ودیگر بھی موجود تھے۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ 13 اپریل کو کراچی زندہ دل ہونے کا ثبوت دے گا اور لاکھوں کی تعداد میں شہری مارچ میں شرکت کریں گے۔

اتوار کو سارے راستے اور سارے قافلے شاہراہ فیصل یکجہتی غزہ مارچ کی جانب رواں دواں ہوں گے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ مسلم دنیا کے حکمرانوں کو جھنجھوڑیں اور مجبور کریں کہ اہل غزہ و فلسطین کی مدد کریں۔ اسرائیلی و امریکی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں اور انہیں معاشی طور پر نقصان پہنچائیں۔انہوںنے کہا کہ اہل غزہ پر گزشتہ 18 ماہ سے اسرائیل بمباری کررہا ہے۔

اسرائیل نے سازش کے تحت جنگ بندی کے معاہدے کو ختم کردیا۔ گزشتہ 22 دنوں میں 600 سے زائد بچوں اور خواتین کو شہید کردیا گیا۔ غزہ پر بمباری امریکی سرپرستی اور امریکہ کی جانب سے فراہم کردہ اسلحہ سے کی جارہی ہے۔ گزشتہ ایک صدی سے صیہونی سازشیں جاری ہیں وہ فلسطین پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ ہم اہل غزہ، حماس کی قیادت اور سلام پیش کرتے ہیں جو استقامت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔

ایسی تمام صورتحال میں جنیوا کنونشن کہیں نظر نہیں آتاجس کے مطابق جنگ کے دوران بھی اسکولوں، اسپتالوں اور بچوں اور خواتین پر بمباری نہیں کی جانی چاہیئے ۔ اقوام متحدہ میں جب بھی قراردادیں پاس کی جاتی ہیں امریکہ ویٹو کر دیتا ہے۔ سوڈان یا وسطی تیمور کا معاملہ ہو تو فوراً اس مسئلے کوحل کروادیا جاتا ہے۔ مسلم دنیا کے حکمرانوں نے بے غیرتی کا لبادہ اڑا ہوا ہے۔

غزہ میں ہمارے بچے بلک رہے ہیں ان کی چیخیں فضاؤں میں گونج رہی ہیں۔ اہل غزہ و مسجد اقصیٰ سے ہمارا دینی و ایمانی حصہ ہے۔ اہل غزہ اور حماس کے مجاہدین ایمان اور جذبہ جہادکی بدولت ڈٹے ہوئے ہیںہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں ۔علاوہ ازیں ’ یکجہتی ’غزہ مارچ‘‘ میں لاکھوں مردو خواتین کی شر کت کے پیش نظربڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں ، شہر بھر سے آنے والے جلوسوں،ریلیوں اور قافلوں کی صورت میں شاہراہ فیصل پر پہنچیں گے،مین نرسری اسٹاپ پرموجود بالائی گزر گاہ کو اسٹیج بنایا گیا ہے جہاں سے قائدین خطاب کریں گے۔

شاہراہ فیصل پر سڑک کا ایک ٹریک مردوں اور دوسرا ٹریک خواتین کے لیے مختص کیاگیاہے۔ ’’یکجہتی غزہ مارچ‘‘ کی کوریج کے لیے قومی و بین الاقوامی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کو خصوصی دعوت دی گئی ہے اور میڈیا سے وابستہ افراد کے لیے بڑی پریس گیلری بنائی گئی ہے،جبکہ سوشل میڈیا کے لیے بھی علیحدہ سے کیمپ لگایا گیا ہے۔ مارچ کے سلسلے میں رابطہ عوام مہم کے ذریعے شہر بھر میں بڑے پیمانے پر شہریوں کو شر کت کی دعوت دی گئی ۔

جماعت اسلامی کے مردو خواتین کارکنان اور ذمہ داران ہفتہ کے روز بھی سارا دن سر گرمِ عمل رہے۔عوام کی جانب سے زبردست جوش و خروش اور مثبت ردّ عمل کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا اور توقع ہے کہ ’ ’’ یکجہتی غزہ مارچ‘‘کراچی کے عوام کا تاریخی اور یادگار مارچ ثابت ہو گا۔